(حسن علی) منٹگمری روڈ پر پھیری مافیا کا راج برقرار ، تاجروں کا کاروبار ٹھپ، تاجروں کا کہنا ہے کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث پہلے ہی کاروبار نہیں اور اوپر سے پھیری مافیا کی جانب سے گاہکوں کو سڑک پر ہی روک لیا جاتا ہے۔
انجمن تاجران منٹگمری روڈ کے صدراعجاز بٹ کا کہنا ہے کہ پھیری مافیا گاہکوں کو گاڑیوں کا سامان زائد پیسوں میں فروخت کرتا ہے اور انہیں دکانوں تک نہیں آنے دیتے جبکہ وہ کئی مرتبہ پھیری مافیا کے خلاف انتظامیہ اور پولیس کو درخواستیں دے چکے ہیں لیکن شنوائی نہیں ہوئی۔
انجمن تاجران منٹگمری روڈ کے جنرل سیکرٹری وقار علی کا کہنا ہے کہ کاروبار تباہ ہورہا ہے، کمشنر اور آئی جی پنجاب منٹگمری روڈ کے تاجروں کی پھیری مافیا سے جان چھڑائیں، منٹگمری روڈ کے تاجروں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پھیری مافیا سے سامان خریدنے کی بجائے دکانوں سے خریداری کریں تاکہ انہیں معیاری سامان مناسب پیسوں میں مل سکے۔
تاجروں کا کہنا تھا کہ اگر انتظامیہ نے مسئلہ حل کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات نہ کیے تو پھر احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے۔