(زین مدنی) پاکستان فیشن انڈسٹری کی معروف ماڈل ایمان سلیمان نے سوشل میڈیا پر اپنی شادی کا اعلان کردیا۔
ماڈل ایمان سلیمان نے حال ہی میں انسٹاگرام پر طویل پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو شادی کی خبر سنائی، ایمان سلیمان نے اپنی پوسٹ میں مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے بتایا کہ اب بہت جلد اپنے دوست سے شادی کروں گی۔
ماڈل نے کہا کہ میں اپنے دوست جمیل سے شادی کروں گی جو کہ ایک بہت اچھا لڑکا ہے اور ساتھ ہی ماڈل نے مداحوں کو دونوں کیلئے دعا کرنے کو بھی کہا۔
معروف ماڈل ایمان سلیمان کی انسٹاگرام کی طویل پوسٹ سے اندازہ ہورہا ہے کہ یہ شادی کے فیصلے میں تذبذب کا شکار ہیں، ایمان سلیمان نے جن کے ساتھ شادی کا اعلان کیا ہے وہ ان کے دوست ہیں اور پیشے کے اعتبار سے ایک مارشل آرٹسٹ ہیں۔
معروف ماڈل ایمان سلیمان سرمد کھوسٹ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم زندگی تماشہ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی جس کے آئندہ سال ریلیز کیے جانے کی توقع ہے۔
معروف ماڈل سوشل میڈیا پر سماجی مسائل پر گفتگو کرنے سے کبھی نہیں گھبراتیں بلکہ وہ سوشل میڈیا پر سماجی مسائل کے حوالے سے بات چیت کرنے میں کافی سرگرم دکھائی دیتی ہیں، چند ماہ قبل ماڈل ایمان سلیمان کو لکس اسٹائل ایوارڈز میں بیسٹ ایمرجنگ ٹیلینٹ کے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا تھا جس سے وہ دستبردار ہوگئی تھیں اور یہ اعلان بھی انہوں نے سوشل میڈیا پر ہی کیا تھا۔
ماڈل ایمان سلیمان نے حال ہی میں اپنے بال بے حد مختصر کرا کر سب کو حیران کردیا تھا اور اس وجہ سے انہیں تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔