(فاطمہ عارف)سورج کی تپش سے شہر میں گرمی کی شدت برقرار،گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گا۔
گرمی کی شدت میں اضافے سے شہری نڈھال ہونے لگے،شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ،زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43ڈگری تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بارش کی بات کریں تو محکمہ موسمیات کی جانب سے پیشگوئی کر دی گئی ہے کہ آئندہ ہفتے کے دوران بھی بارش کا کوئی امکان نہیں بلکہ اگلے ہفتے کے دوران گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ماہرین کی جانب سے پیشگوئی کی گئی ہے کہ سورج آئندہ ڈھائی ہفتے تک آگ برسائے گا جبکہ شدیدگرمی کے باعث پاکستان ہیٹ ویو کا شکار رہے گا البتہ جب برسات شروع ہو گی تو بارشیں معمول سے زیادہ ہوں گی، باد و باراں کے طوفان معمول سے زیادہ آئیں گے اور کلاؤڈ برسٹ کے نتیجہ میں شدید بارش سے اچانک سیلاب بھی آ سکتے ہیں۔
موسم کے ماہرین اب بتا رہے ہیں کہ پاکستان واقعی ہیٹ ویو کا شکار ہے۔ بیشتر علاقوں میں ٹمپریچر 2 سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کئے جا رہے ہیں۔ کسی علاقہ میں درجہ حرارت تیس سال کے معمول کے درجہ حرارت سے 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ بڑھ جائے تو موسمیات کی زبان میں اس زیادہ گرمی کو " ہیٹ ویو" یا گرمی کی لہر کہتے ہیں۔