گوالمنڈی، کیمرہ مارکیٹ میں آتشزدگی

گوالمنڈی، کیمرہ مارکیٹ میں آتشزدگی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( جمال الدین ) گوالمنڈی کیمرہ مارکیٹ میں آگ بھرک اٹھی، ہر طرف دھواں پھیل گیا، ریسکیو 1122 نے جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔

تفصیلات کے مطابق آتشزدگی کا واقعہ کلاسک ڈیجیٹل انلارجمنٹ کی دکان میں پیش آیا۔ دکان کے گودام میں آگ لگنے سے پوری مارکیٹ میں دھواں پھیل گیا۔ متاثرہ دکان عمران حکیم کی ملکیت ہے، جہاں سے پورے ملک میں کیمرے، سیل، بیٹریز اور دیگر آلات بھجوائے جاتے تھے۔

ریسکیو 1122 کے عملے نے کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ دکان کے گودام میں موجود کیمرے بیٹریز، سیلز اور ویڈیو فلم بنانے کے آلات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔

یاد رہے گزشتہ ہفتے سبزہ زار میں ایل پی جی سلنڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی تھی، آتشزدگی سے چھ گاڑیاں، پانچ موٹرسائیکلیں، ٹائر شاپ سمیت لاکھوں کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔

عینی شاہدین کے مطابق سلنڈرز کی دکان کے قریب ایک کپڑے کو آگ لگی جس کے باعث ایک گیس سلنڈر پھٹ گیا۔ سلنڈر پھٹنے سے لگنےوالی آگ نے پاس موجود گاڑیوں، موٹرسائیکلوں، لکڑی کے فرنیچر اور ٹائروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔

ریسکیو کے مطابق آتشزدگی سے چھ گاڑیاں، پانچ موٹرسائیکلیں، ٹائر شاپ، پان شاپ، فرنیچر نیلام گھر اور چائے کا ہوٹل جل کر خاکستر ہوگئے، تاہم حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ متعلقہ پولیس سٹیشن کے اہلکار اور ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائی میں حصہ لیا۔ ریسکیو کی 8 گاڑیوں نے 2 گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔