( عمران یونس ) محکمہ خوراک کی عید تعطیلات میں بھی گندم کے ذخیرہ اندوزں کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں، کارروائیوں کی رپورٹ سینئر وزیر عبدالعلیم خان کو پیش کر دی گئی۔
عید تعطیلات میں محکمہ خوراک کی گندم کی ذخیرہ اندوزی کرنیوالوں کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ صوبہ بھر کے مختلف علاقوں میں بھاری مقدار میں گندم پکڑی گئی ہے۔ جس کی رپورٹ سینئر وزیر عبدالعلیم خان کو پیش کر دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ذخیرہ اندوز عید کا فائدہ اٹھا کر گندم ذخیرہ کرنے کیلئے لے جا رہے تھے۔ مختلف علاقوں میں ناکوں پر محکمہ خوراک نے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ہمراہ کارروائیاں کیں۔
سینئر وزیر نے محکمہ خوراک کے افسران کو عید تعطیلات میں تندہی سے کام کرنے پر شاباش دی۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزی کرنیوالوں سے کوئی رعایت نہیں ہو گی، گندم کی اوپن مارکیٹ میں مقررہ نرخوں پر فروخت یقینی بنایا جائیگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کا نقصان عام آدمی کو برداشت کرنا پڑتا ہے، کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے۔