عمر اسلم : مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا ملک میں کورونا سے متاثرین اور اموات کی شرح میں اضافہ پر اظہار افسوس ، کہتے ہیں کہ لاک ڈاون کے نفاذ اور کھولنے سے پہلے حکمت عملی ہوتی تو متاثرین کی تعداد میں بے تحاشا اضافہ نہ ہوتا۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نےکہاہےکہ مزید وقت ضائع نہ کریں، ہمہ جہت اورجامع حکمت عملی بنائیں۔ انہوں نےکہاکہ ٹیسٹنگ کے ڈیٹا کے بارے میں قوم کو بتایاجائے ، پھیلاو کو روکنے کی حکمت عملی کیا ہے؟ تفصیل بتائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر حکومت کی تازہ حکمت عملی کیا ہے؟ قوم کو اس حوالے سے بھی بتایا جائے، جبکہ وقت تیزی سے گزر رہا ہے،حالات کے مطابق متعلقہ پہلووں پر توجہ دی جائے تاکہ نقصانات کو کم سے کم کیاجاسکے ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سے اپیل ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرے، ورنہ خدانخواستہ حالات ہاتھ سے نکلے جا رہےہیں۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیس تیزی سے بڑھنے لگے، مزید 17 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1181 ہو گئی ہے جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 57039 تک پہنچ گئی ہے۔اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 408 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ سندھ میں 369 اور پنجاب میں 337 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
اس کے علاوہ بلوچستان میں 41، اسلام آباد 16، گلگت بلتستان میں 8 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے دو افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔آخری اطلاعات تک پنجاب حکومت کی جانب سے کورونا کے اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے تھے۔گزشتہ روز پنجاب میں کورونا وائرس کے باعث مزید 5 افراد جان کی بازی ہارگئے تھے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 337 تک جاپہنچی ہے۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق پنجاب میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 20077 ہوگئی ہے۔