(سہیل خان،عامرشہزاد)اسلام آباد سے کوہستان جانیوالی گاڑی پر بشام کے مقام پر خود کش حملے میں 5غیر ملکیوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے۔
خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے بشام میں حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی مسافروں کی گاڑی سے ٹکرادی جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے۔
ڈی آئی جی مالاکنڈ محمد علی گنڈا پور نے بتایا ہے کہ خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی مسافروں کی گاڑی سے ٹکرائی۔سامنے سے آنے والی کار چینی باشندوں کی گاڑی سے ٹکرا گئی،پولیس ذرائع کے مطابق کار ٹکرانے کے بعد دھماکہ ہوا۔چینی مسافروں کی گاڑی کا ڈرائیور زخمی ہوا ہے جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد علاقےکو سکیورٹی فورسز نےگھیرے میں لے لیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شانگلہ میں چینی شہریوں کی گاڑی پر خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جاں بحق چینی شہریوں کے خاندانوں سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا ہے کہ جاں بحق چینی شہریوں کے لواحقین سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔دکھ کی گھڑی میں چین کی حکومت اور جاں بحق شہریوں کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔چینی شہریوں پر حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔دشمن نے پاکستان کے انتہائی قابل اعتماد دوست ملک کے شہریوں کو نشانہ بنایا،یہ حملہ چینی شہریوں پر نہیں بلکہ پاکستان پر ہے ،دشمن کو اس حملے کا سخت جواب دیا جائے گا۔