(مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور سمیت پاکستان بھر میں برطانوی ساختہ کورونا وائرس تباہی مچانے لگا، 24 گھنٹوں میں مزید 63 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 14 ہزار 28 ہوگئی، پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 40 ہزار 988 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران 38 ہزار 858 نئے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 3 ہزار 946 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 5 ہزار 314، سندھ میں 2 لاکھ 63 ہزار 815، خیبر پختونخوا میں 81 ہزار 787، بلوچستان میں 19 ہزار 395، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 977، اسلام آباد میں 53 ہزار 684 جبکہ آزاد کشمیر میں 12 ہزار 16 کیسز رپورٹ ہوئے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق پنجاب میں 6 ہزار 99، سندھ میں 4 ہزار 482، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 246، اسلام آباد میں 554، بلوچستان میں 205، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 339 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں۔
دریں اثنا سندھ کی وزیر صحت و بہبود آبادی ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کورونا کی ویکسی نیشن کا حصہ نہ بننے والے ہیلتھ ورکرز کو نوکریوں سے نکالنے کا اعلان کردیا۔
اپنے ویڈیو بیان میں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کا کہنا تھا کہ سندھ میں ایک لاکھ 42 ہزار 315 ہیلتھ ورکرز کو ویکسین کیلئے رجسٹرڈ کیا گیا تھا، اب تک 33 ہزار 356 ہیلتھ ورکرز نے کورونا ویکسین نہیں لگوائی، ویکسین نہ لگوانے والے ہیلتھ ورکرز کو نوکری سے نکال دیا جائے گا،میں نے خود بھی ویکسین لگوائی ہے مجھے کسی بھی قسم کے ردعمل کا سامنا نہیں ہوا۔