سروسز ہسپتال کی او پی ڈی کورونا سنٹر میں تبدیل

سروسز ہسپتال کی او پی ڈی کورونا سنٹر میں تبدیل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

جیل روڈ (زاہد چودھری) کورونا وائرس کے علاج کیلئے سروسز ہسپتال کی اوپی ڈی کا بیشتر حصہ مختص، کورونا وائرس کے علاج کیلئے او پی ڈی بلاک میں کورونا سنٹر فعال کر دیا گیا، نزلہ ، زکام،بخار، کھانسی کے مریض سیدھا اوپی ڈی بلڈنگ میں آئیں گے، او پی ڈی بلڈنگ میں ہی آؤٹ ڈور بھی ہوگا۔

سروسز ہسپتال انتظامیہ نے کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھنے کے خدشے کے پیش نظر او پی ڈی بلاک میں کورونا سنٹر قائم کر دیا ہے، پرنسپل سمز پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے ایم ایس ڈاکٹر افتخار احمد کے ہمراہ کورونا سنٹر کا افتتاح کیا، کورونا سنٹر میں 24 گھنٹے زکام ، بخار اور کھانسی کے مریضوں کو علاج فراہم کیا جائے گا، آؤٹ ڈور کی سہولت بھی او پی ڈی بلاک میں قائم سنٹر میں میسر ہوگی۔

 اس کے علاوہ او پی ڈی کی بالائی منزلوں پر کورونا کے کنفرم مریضوں کو داخل کرنے کیلئے وارڈ بھی قائم کیا گیا ہے جس میں ابتدائی طور پر 100 بستروں کی گنجائش رکھی جارہی ہے، جس کو مزید بڑھا کر 200 بیڈز تک کیا جاسکے گا، کورونا سنٹر میں مشتبہ مریضوں کیلئے آئسولیشن رومز بھی تیار کئے گئے ہیں اور زیادہ علیل مریضوں کیلئے ایچ ڈی یو بھی بنایا گیا ہے ۔

 ایم ایس ڈاکٹر افتخار احمد کا کہنا ہے کہ کورونا سنٹر میں ڈیوٹی سرانجام دینے والے ڈاکٹرز اور تمام طبی عملے کو حفاظتی کٹس فراہم کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ چین کے صوبے ووہان سے جنم لینے والی خطرناک بیماری کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں اور متاثرہ افراد کی تعداد تیزی سے بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے جہاں اب تک وائرس سے 19 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور سوا 4 لاکھ متاثر ہو چکے ہیں، پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور ملک میں مجموعی متاثرین کی تعداد 1000 سے تجاوز کر گئی ہے، ملک میں کورونا ایک اور جان لے گیا، ہلاکتوں کی تعداد 8   ہوگئی۔

Sughra Afzal

Content Writer