تحریک پاکستان کے اہم کارکن ڈاکٹر رفیق احمد انتقال کر گئے

تحریک پاکستان کے اہم کارکن ڈاکٹر رفیق احمد انتقال کر گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ (اکمل سومرو،عفیفہ نصر) تحریک پاکستان کے اہم کارکن، سابق وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی اور وائس چیئرمین نظریہ پاکستان ٹرسٹ پروفیسر ڈاکٹررفیق احمد انتقال کر گئے۔

ڈاکٹر رفیق احمد کی نماز جنازہ پیر سید منور حسین جماعتی نے پڑھائی، نماز جنازہ میں نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے میاں فاروق الطاف، جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ، معروف نعت خواں مرغوب احمد ہمدانی، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر نیاز احمد، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سلیم مظہر، ڈائیریکٹر یو ایم ٹی عابد شیروانی، سینئر صحافی و تجزیہ نگار سلمان غنی، ڈاکٹر امان اللہ، ڈاکٹر ممتاز انور سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

  ڈاکٹر رفیق احمد پنجاب یونیورسٹی میں 1984ء میں وائس چانسلر رہے، ڈاکٹر رفیق احمد بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہر معاشیات تھے، وہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے وی سی بھی رہے، انہوں نے 35 سال تک ملکی اور غیر ملکی درسگاہوں میں تدریسی فرائض سرانجام دیئے۔

 تحریک آزادی پاکستان میں پروفیسر ڈاکٹررفیق احمد کی گراں قدر خدمات ہیں، انہیں 13 برس کی عمر میں مینار پاکستان میں ہونے والے آل انڈیا مسلم لیگ کے ہونیوالے اجلاس میں شرکت کا اعزاز بھی حاصل ہے، 23 مارچ 1940ء میں اسی اجلاس میں قرارداد پاکستان بھی منظور ہوئی۔

انہوں نے مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے پلیٹ فارم پر سرگرم کردارادا کیا، انہیں1946ء میں قائداعظم سے انعامات وصول کرنے کا اعزاز بھی حاصل تھا، پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے اکنامکس اور آکسفورڈ یونیورسٹی سے اکنامکس میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی، ان کے مقالہ جات قومی اور بین الاقوامی سطح پر پڑھے جاتے رہے، وہ آخری وقت تک نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین رہے۔

 ان کے ساتھیوں کا کہنا ہے کہ ان کی کمی کو پورا کرنا ناممکن ہے، پروفیسرڈاکٹر رفیق احمد نے اپنی تمام زندگی تحریک پاکستان،نظریہ پاکستان اور نوجوانوں کو پاکستان کی آزادی کا مقصد سمجھانے میں وقف کر دی، ان کی زندگی نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer