(سٹی 42) مسلم لیگ (ن) کیلئے 26 مارچ یومِ عید بن گیا، سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ضمانت منظور ہونے اور شہباز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالے جانے پر متوالے جشن منا رہے ہیں۔
شریف برادران کے حق میں فیصلہ آنے پر لیگی کارکن سڑکوں پر نکل آئے اور قائدین کے حق میں نعرے بازی کی اور مٹھائیاں تقسیم کیں، پارٹی رہنمائوں نے بھی عدالتی فیصلوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، خواجہ عمران نذیر کہتے ہیں آج کا دن خوشی کا دن ہے، اللہ کے گھر میں دیر ہے اندھیر نہیں،نواز شریف یوٹرن خان نہیں، اسی لئےعلاج کے نام پر تضحیک قبول نہیں کی۔
کارکنوں نے سابق وزیراعظم کے استقبال کیلئے بھی پروگرام تشکیل دیدیا۔ رہنمائوں کا کہنا ہے کہ قافلے کی شکل میں نواز شریف کو جیل سے جاتی امراء رائیونڈ لے جایا جائے گا۔
لیگی رہنمائوں اور کارکنوں کا کہنا تھاکہ شریف برادران کیخلاف سیاسی انتقامی کارروائیوں کے تحت مقدمات بنائے گئے مگر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں جس نے آج ہمارے قائدین کو سرخرو کیا۔
میاں نواز شریف کے استقبال کیلئے جگہ جگہ کیمپ لگا دیئے گئے ہیں اور کارکن خوشی سے نہال ہیں، آج کا دن لیگی کارکنوں کیلئے عید سے کم نہیں۔