قیصرکھوکھر: اینٹی کرپشن نے ایل ڈی اے میں ایک ارب 44 کروڑ کی کرپشن کا منصوبہ ناکام بنا دیا ۔جعلی کاغذات پر الاٹ شدہ جوہر ٹاؤن کے 27 پلاٹوں کی الاٹمنٹ منسوخ کر دی گئی۔ جعلی کاغذات پر الاٹ شدہ 27 پلاٹوں کی مالیت ایک ارب 44 کروڑ روپے ہے۔
اینٹی کرپشن نے کرپشن کے شواہد کی چھان بین کرنےکے بعد ایل ڈی اے افسران اور مفادکندگان کے خلاف مقدمہ درج کیا ۔
اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان نے بتایا کہ شاہد منیر نامی شخص نے اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے پلاٹوں کی جعلی الاٹمنٹ کروائی۔ جعلی پلانٹس ظہیر احمد نامی شخص کے نام ٹرانسفر کئے گئے۔ ظہیر نے بعد ازاں کچھ پلاٹ شاہد منیر کے نام ٹرانسفر کئے۔
جعل سازی سے 27 پلاٹ لاہور کے مہنگے علاقے جوہرٹاون میں الاٹ کئے گئے تھے۔ جعلی کاغذات میں ابراہیم وغیرہ کو زمین کے مالکان ظاہر کیا گیا تھا۔ پلاٹوں کی ٹرانسفر کی مد میں سرکاری فیس بھی خزانہ سرکار میں جمع نہیں کروائی گئی۔
اینٹی کرپشن کے ترجمان نے بتایا کہ ایل ڈی اے کے کچھ اہلکار بھی اس میگا کرپشن میں ملوث پائے گئے۔ ان افسران نے27 پلاٹ صرف پانچ دن میں جعل سازی سے ٹرانسفر کئے۔ اینٹی کرپشن نے بعد از انکوائری 27 پلاٹوں کی الاٹمنٹ کینسل کرنے کے لیے ایل ڈی اے کو لکھا۔
اینٹی کرپشن کی ہدایت پر ایل ڈی اے حکام نے 27 پلاٹوں کی الاٹمنٹ خارج کردی ہے۔ اینٹی کرپشن کی بروقت کاروائی سے قومی خزانے کو ارب 44کروڑ روپے کا فائدہ پہنچا ہے۔ منسوخ شدہ پلاٹ اب انکے اصل حقداران کو الاٹ کئے جائیں گے۔