ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

چند گھنٹوں کی بارش سے شہر لاہور پانی میں ڈوب گیا، شہری انتظامیہ پربرہم

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

رومیل الیاس :  چند گھنٹوں کی بارش سے شہر لاہور پانی میں ڈوب گیا۔ شہر کی تمام نشیبی سڑکیں، مارکیٹیں،محلے، کچی آبادیاں، اور انڈر پاس بارش کے پانی میں ڈوب گئے، واسا اور دیگر اداروں کی جانب سے پانی کی بروقت نکاسی کے لئے انتظامات اصل ضرورت سے کم ثابت ہوئے۔ شہریوں کو پیر کے روز سڑکوں پر آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بہت سے علاقوں سے سسہ پہر تک پانی نہ نکالا جا سکا۔

لاہور شہر میں آج ہونے والی بارش  کم وقت میں ہونے والی ریکارڈ بارش تھی۔محکمہ موسمیات کے مطابق  چھ گھنٹے سینتالیس منٹ میں 262 ملی میٹر ریکارڈ ٹوٹ بارش ہوئی۔

گزشتہ سال 238 ملی میٹر بارش دس گھنٹوں میں ہوئی تھی۔ دوہزار اٹھارہ میں 288 ملی میٹر بارش چودہ گھنٹوں میں ریکارڈ کی گئی تھی۔

https://www.city42.tv/digital_images/large/2023-06-26/news-1687797467-8952.gif

API Response:

لبرٹی چوک کے اطراف سڑکوں پر کئی فٹ پانی جمع ہوگیا

رپورٹ رومیل الیاس: لبرٹی چوک کے اطراف سڑکوں پر کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔ شہریوں کی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بارش کے پانی میں بند ہوگئیں جس سے شہریوں کو اذیت ناک مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے پیشگی اطلاع کے باوجود نکاسی آب کے اقدامات نہ کرنے پر شہری انتظامیہ پر برہم ہیں۔ 
یوحنا آباد میں پانی گھروں میں  گھس گیا

رومیل الیاس:  انتظامی عدم توجہ کا شکار خالق نگر یوحنا آباد کا علاقہ بارش کے بعد مسائل کا گڑھ بن گیا۔مکین اپنی مدد آپ کے تحت گلیوں اور گھروں میں جمع پانی نکالنے میں مصروف ہیں۔ بزرگ شہری انتظامیہ کے خلاف پھٹ پڑے، کہا حکمرانوں اور افسر شاہی کو گھروں میں جمع پانی بچوں کے ہمراہ نکالنا پڑے تو انکو پتہ چلے۔  


کلمہ انڈر پاس ٹریفک کے لئے مکمل بند کردیا گیا

دُر نایاب:  بارش اور نالے کا اوور فلو ہو کر آنے والا پانی انڈر پاس میں بھر جانے کے بعد کلمہ انڈر پاس ٹریفک کے لئے مکمل بند کردیا گیا۔ ٹرئفک کو انڈر پاس کے اوپر سے شاہراہوں پر گزارا جانے لگا۔
گلبرگ اور ملحقہ علاقوں کے بارشی پانی کی نکاسی میں رکاوٹ ہے جسے اب تک دور نہیں کیا جا سکا۔
ستوکتلہ ڈرین شدیدبارش کے باعث پانی سے بھرگئی۔
ستوکتلہ ڈرین میں مزید پانی کی استعدادوقتی طورپرختم ہوگئی۔
زیادہ ہونے کی وجہ سے پانی ڈرین سے واپس آنے لگا۔
کلمہ چوک انڈرپاس میں بھی ستوکتلہ ڈرین کا واپس آنے والا پانی بھرگیا۔

 
لاہور برج کی سروس روڈز پانی میں ڈوب گئیں

علی رامے: لاہور میں طوفانی بارش سے ارفع کریم ٹاور کے ساتھ نئے تعمیر ہونے والے برج کے اطراف بنائی گئی نئی سروس روڈ بھی پانی میں ڈوب گئی۔
چندر روز قبل افتتاح کے بعد ٹریفک کے لیے کھولے گئے لاہور برج کے اطراف بنائی گئیں سروس روڈزبھی پانی میں ڈوب گئیں۔۔چند روز قبل ہی نگران وزیر اعلی پنجاب نے نئے لاہور برج منصوبے کا افتتاح کیا تھا لیکن بارش نے کنٹریکٹر اور ایل ڈی اے کی منصوبہ بندی کا پول کھول دیا۔۔ضلع کچہری کے باہر بھی بارش کے پانی جمع ہونے سے وکلا اور شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا۔۔ بارش کے پانی میں گاڑیاں پھنستی رہیں اور موٹرسائیکلیں بند ہوتی رہیں۔۔جس سے شہریوں کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔

گلبرگ مین بلیوارڈ میں دیوار گر گئی

بسام سلطان: گلبرگ مین بلیووارڈ مال ون کے قریب زیر تعمیر عمارت کی بنیادی دیوار گرنے کا واقعہ۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے نوٹس لے لیا۔

زیر تعمیر عمارت کی دیوار گرنے سے بننے والا گڑھا سڑک کے انتہائی قریب تک پہنچ چکا ہے۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کا کہنا تھا کہ حفاظتی انتظامات کے پیش نظر متاثرہ علاقہ ٹریفک کے لیے بند، سڑک اور اطراف کو سیل کر دیا گیا ہے۔ اے سی ماڈل اور ایل ڈی اے ٹیمیں موقع پر پہنچ کا جائزہ لے رہی ہیں۔ حالات مکمل قابو میں آنے تک متعلقہ عمارت کی تعمیراتی سرگرمیاں بند رکھی جائیں گی۔ عوام سے گزارش ہے کہ مکمل کلئرنس ہونے تک کسی بھی زیر تعمیر عمارت کے قریب نہ جائیں۔

سبزہ زار ایل بلاک میں بارش کا پانی گھروں میں گھس گیا
  حافظ دلاور نیازی: سبزہ زار ایل بلاک میں بارش کا پانی جمع ہے۔ ایل بلاک میں گندا نالہ بھی اوورفلو ہوگیا،گندا پانی ایل بلاک کے گھروں میں داخل ہو گیا جبکہ واسا انتظامیہ کا عملہ پانی کو نکالنے کے لیے نہیں پہنچ سکا۔
 نالے کے ساتھ موجود سڑک اور تمام گلیوں کے مکین رہائشیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پانی میں ڈوبے گھروں کے مکین اپنی مدد آپ کے تحت گھروں سے پانی نکالتے اور سیوریج سسٹم ٹھیک کرنے میں مصروف رہے۔ رہائشیوں کی موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں بھی گندے پانی میں بند ہوتی رہیں اور پیدل چلنے والوں کو بھی مشکلات کا سامنا رہا۔

 چلڈرن ہسپتال بھی بارش کےپانی سےڈوب گیا

پیر کی صبح ہونے والی بارش کا پانی چلڈرن ہسپتال میں بھی داخل ہو گیا۔ ہسپتال کی ایمرجنسی کےباہربارش کاپانی تالاب کامنظرپیش کرنےلگا۔
شہریوں کومریضوں کوہسپتال لانےمیں دشواری کاسامنا کرنا پڑا۔

گلبرگ میں کیپٹن مبین شہید انڈر پاس پانی سے بھر گیا

بارشی پانی جمع ہونے کے باعث انڈرپاس ٹریفک کے لئے بند کرنا پڑا۔ بے احتیاطی کے ساتھ انڈر پاس کے اندر چلے جانے والے ایک شہری کی گاڑی بھی بارشی پانی کے باعث بند ہو کر انڈرپاس میں پھنس گئی۔انڈرپاس میں نکاسی آب انتظامات نہ ہونے کے برابر تھے۔

 
جوڑے پل کے اطراف آبادیاں،کالونیاں اور ہاؤسنگ سکیمیں تالاب بن گئیں
شہزاد خان: بارش کے باعث شہر کے نشیبی علاقے بھی زیر آب آگئے۔ جوڑے پل کے اطراف آبادیاں،کالونیاں اور ہاؤسنگ سکیمیں تالاب کا منظر پیش کرتی رہیں۔مکین گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔

 جوڑے پل کے اطراف کی آبادیوں ،ہاؤسنگ سکیموں اور کالونیوں میں مکین بارشی پانی کی وجہ سے گھروں میں مقید ہوکر رہ گئے۔

بہار شاہ روڈ الفیصل ٹاؤن میں متعدد مقامات پر پانی کھڑا ہونے سے شہری پریشان میں مبتلا رہے۔خواجہ احمد حسان روڈ پانی میں ڈوب گئی۔ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑک پر گڑھوں کی وجہ سے مکینوں کا گھروں سے نکلنا مشکل ہوگیا ۔

اشفاق چوک سے نظام آباد ،غازی آباد کی طرف جانے والی سڑک پانی سے بھر گئی۔تاجپورہ میں اطہر پارک کے اطراف بھی بارشی پانی سے گزرنا محال ہوگیا۔

  

لاہور چڑیا گھر کے پنجرے پانی میں ڈوب گئے
 کومل اسلم: لاہور چڑیا گھر میں بارش سے جانوروں کو بچانے کے انتظامات بروقت مکمل نہ کرنے کے باعث جانوروں کے پنجرے پانی سے بھر گئ۔ے جس پر سیاحوں نے بھی بارش کے پانی کی وجہ سے مشکلات کی شکایات کیں۔ پنجروں میں پانی بھرنے کی وجہ سے جانور نقل وحرکت کرنے سے قاص ہیں۔ پانی بروقت نہ نکالا گیا تو جانوروں کے بیمار ہونے کا خدشہ ہے۔
 

مویشی منڈیوں میں پانی بھرنے سے مشکلات
 مائدہ وحید: ایل ڈی اے ایونیو مویشی منڈی میں موسلا دھار بارش کے باعث پانی جمع ہوگیا۔۔۔کہیں پر پانی تو کہیں کیچڑ بن گئی۔جانوروں کا چارہ بھی خراب ہوگیا۔
طوفانی بارش کے باعث ایل ڈی اے ایونیو مویشی منڈی بھی پانی میں ڈوب گئی۔۔منڈی میں کہیں پر پانی تو کہیں کیچڑ بن گئی۔بیوپاریوں کا کہنا تھا کہ بارش کے باعث جانوروں کا سارا چارا خراب ہو گیا۔گھر سے لایا ہوا دانا،کپڑے،سب کچھ پانی میں بھیگ گیا۔

بیوپاریوں نے شکوہ کیا کہ ہم دور دراز سے آئے ہیں مگر کوئی سہولت میسر نہ کی گئی۔منڈی میں خریدارنہ ہونے کے برابر ہیں۔جانوروں کی قیمتیں سن کر لوگ بھاگ جاتے ہیں۔

مال روڈ سے ڈیوس روڈ سڑک پانی میں  ڈوب گئی

 سعید احمد :  گزشتہ رات شہر میں ہونے والی بارش کے اثرات تاحال سڑکوں پہ موجود، شہر کی بیشتر سڑکوں سے آب نکاسی کا عمل مکمل نا ہو سکا، مال روڈ سے ڈیوس روڈ سڑک پر بارش کا پانی تاحال موجود ہے۔  واسا کا عملہ پانی کے انخلاء کے لیے نہ پہنچ سکا، جس سے راہ گیروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

سروسز ہسپتال میں جمع ہونیوالا پانی تاحال نہ نکالا جاسکا
زاہد چودھری:  سروسزہسپتال کے مختلف وارڈز بارش کے پانی سے متاثر ہوئے۔ گائنی وارڈ،بچہ وارڈ ،ایڈمن بلاک سمیت دیگر وارڈز میں پانی جمع ہو گیا۔
سروسز ہسپتال کے انتظامی دفاتر میں بھی پانی چلاگیا۔ ہسپتال کی گزرگاہوں میں پانی جمع ہونے سے مریضوں کو مشکلات
 انتظامیہ سروسز ہسپتال کا کہنا ہے کہ پانی نکالنے کے لیے عملہ کام کررہا ہے۔

علامہ اقبال ٹاؤن الحمدکالونی، ابوبکرروڈ، شمع روڈسےپانی نہ نکل سکا

عمران یونس :علامہ اقبال ٹاؤن الحمدکالونی، ابوبکرروڈ، شمع روڈسےپانی نہ نکل سکا۔ 3نمبرسٹاپ، آویاں چوک،نیشنل بینک کالونی پانی میں ڈوب گئے۔ ان علاقوں میں بجلی بھی صبح 6 بجے سے بند ہے۔

 بارشی پانی شہریوں کےگھروں میں بھی جمع ہوگیا۔ گھروں کا قیمتی سامان پانی میں ڈوب گیا۔ کئی دکانیں بھی بارش کے پانی میں ڈوب گئیں۔ الحمد کالونی میں 6ماہ قبل نیاسیوریج اورڈرینج سسٹم ڈالاگیا ہے جو بارش کے پانی کا بوجھ اٹھانے سے بظاہر قاصر نظر آ رہا ہے۔ 9گھنٹےبعدبھی واساکھڑےپانی کانکاس یقینی نہ بنایاجا سکا.

 
نوتعمیر شدہ نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں پانی جمع ہوگیا

ایس علی: شہرمیں زورو شور کی بارش کی وجہ سے بیشتر علاقوں کی طرح نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں بھی پانی جمع ہوا۔ قذافی سٹیڈیم، نیشنل ہاکی سٹیڈیم، پنجاب سٹیڈیم اور اردگرد کے علاقوں میں دن بھر پانی جمع رہا۔ پانی کی وجہ سے شہریوں کو نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں آمد ورفت میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔شام کے اوقات میں واسا حکام نے نکاسی آب کا کام شروع کیا ۔