سٹی 42: جوہر ٹاؤن دھماکے کی تحقیقات کا سلسلہ جاری۔ حساس اداروں نے واقعہ میں ملوث ایک اور مبینہ دہشت گرد کو مردان سے گرفتار کر لیا ۔
تفصیلات کےمطابق انٹیلی جنس ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد ضیاء خان کو مردان سے گرفتار کیا گیا جس کی مدد سے دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی تیار کی گئی۔ انٹیلی جنس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی مردان میں تیار کی گئی، اور دھماکہ خیز مواد ممکنہ طور پر گاڑی میں لگے سی این جی گیس سلینڈر میں نصب کیا گیاتھا۔ گاڑی 21 جون کو بذریعہ موٹروے لاہور سے مردان روانہ کی گئی، جو دھماکہ خیز مواد نصب کرنے کے بعد 23 جون کو دوبارہ لاہور میں داخل ہوئی ، گاڑی سجاد حسین نامی ملزم لاہور لے کر آیا، جو پہلے ہی منڈی بہاؤ الدین سے گرفتار کیا جا چکا ہے۔ انٹیلی جنس ذرائع کا کہنا ہے کہ سجاد حسین کا پیٹر پال سے رابطہ تھا۔ کراچی کے رہائشی پیٹر پال کو لاہورایئر پورٹ سے گزشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا۔ انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والے تینوں دہشت گردوں سے مختلف پہلوؤں پر تفتیش کی جا رہی ہے ۔
واضح رہے پیٹر پال ڈیوڈ کی ساتھی خاتون کرن کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پیٹر ڈیوڈ دھماکے کے روز عامر ہوٹل میں ٹھہرا۔ پیٹر ڈیوڈ کے ساتھ کرن نے بھی ہوٹل میں قیام کیا۔ کرن کچھ عرصہ سے پیٹر کے ساتھ تعلقات میں تھی، کرن کے بھائی نے ہی پیٹر ڈیوڈ کو کرولا گاڑی خریدنے میں مدد کی ہوٹل انتظامیہ نے اس حوالے سے موقف دینے سے انکار کر دیا۔