در نایاب: ڈی جی ایل ڈی اے نے نیا ڈائریکٹوریٹ آف ماسٹر پلاننگ قائم کردیا، فیصل مسعود کو ڈائریکٹر ماسٹر پلاننگ تعینات کرتے ہوئے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر لاہور کے نئے ماسٹر پلان کی تیاری کے لئے ڈی جی ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ نے نیا ڈائریکٹوریٹ آف ماسٹر پلاننگ قائم کردیا ہے۔ فیصل مسعود کو ڈائریکٹر ماسٹر پلاننگ ڈائریکٹوریٹ تعینات کردیا گیا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر عثمان طاہر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر شہروز جاوید ماسٹر پلاننگ ڈائریکٹوریٹ میں تعینات کردئے گئے ہیں۔
نئے ڈائریکٹوریٹ کی منظوری ایل ڈی اے گورننگ باڈی نے دی تھی جس پر باقاعدہ عملدرآمد کرلیا گیا ہے۔ نیا ڈائریکٹوریٹ شہر کے لئے آئندہ ماسٹر پلان کی تیاری کے عمل کو تیز کرے گا، ماسٹر پلان کو ہدف کے مطابق مکمل کرنے میں مدد کی جائیگی۔ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن نواز گوندل نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
ایل ڈی اے کی مالی سال دوہزار اکیس بائیس کے بجٹ کی تیاری آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہے۔ ایل ڈی اے اپنے مالی وسائل سے شہر کی ڈویلپمنٹ پر 12 ارب 11 کروڑ 15 لاکھ روپے خرچ کرے گا، بجٹ تجاویز کے مطابق ایل ڈی اے جاری ترقیاتی سکیموں کی تکمیل پر 1 ارب 25 کروڑ 10 لاکھ, ایریا ڈویلپمنٹ پروگرام سے موصول شدہ 1 ارب 92 کروڑ روپے ڈویلپمنٹ پر جبکہ ایل ڈی اے ایونیو ون میں 41 کروڑ 20 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔
فلیٹس اور بلڈنگ کے ہیڈ میں 43 کروڑ 50 لاکھ اور فائنانس اینڈ ٹریڈ سنٹر میں ترقیاتی کام کیلئے10 کروڑ رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ایل او ایس کے سٹرکچر کی ری کنسٹرکشن کیلئے8 کروڑ 50 لاکھ، مختلف سکیموں میں مسنگ لنک مکمل کرنے کیلئے22 کروڑ، ترجیحی ترقیاتی کام مکمل کرنے کیلئے 10 کروڑ، ایل ڈی اے بلڈنگ کی مرمت،بحالی اور لفٹ لگانے کیلئے9 کروڑ رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے بجٹ کے باقی حصوں کو بھی جلد مکمل کرنے ہدایت کردی ہے۔