ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور میں بارش سے گرمی چھومنتر

Rain
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) موسم نے پھر انگڑائی لے لی، قدرت لاہوریوں پر مہربان ہوگئی، لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد موسم سہانا ہوگیا،محکمہ موسمیات  نے  آنے والے ہفتے میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کردی۔

باغوں کے شہر میں بادلوں نے بسیرا کرلیا، وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے لاہور کے موسم کو دلفریب بنا دیا، بارش سے  گرمی بھی چھومنتر ہوگئی، ماڈل ٹاؤن، ٹاؤن شپ، قائد اعظم انڈسٹریل ایریا، گرین ٹاؤن، باگڑیاں ، نصیر آباد لبرٹی ،فیروز پور روڈ ،جیل روڈ اور اچھرہ میں بارش ہوئی ہےجس کے بعد ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور شہر کا  آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جبکہ صبح کے وقت کم سے کم درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ، ہوا میں نمی کا تناسب 82 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ  مون سون کا سپیل پنجاب سمیت لاہور میں داخل ہو گیا، جولائی کے آغاز میں موسم برسات کی تیز بارشیں ہونگی،جبکہ جولائی کا اختتام بھی بارشوں کیساتھ ہی ہو گا، آنے والے ہفتے میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ 

لاہور دنیا کے آلودہ شہروں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر آگیا، گزشتہ روز شہر کا مجموعی ائیر کوالٹی انڈیکس 106 ریکارڈ کیا گیا، ائیرکوالٹی انڈیکس بڑھ جانے سے شہر کی فضا مضرصحت ہے، کوٹ لکھپت میں سب سے زیادہ ائیر کوالٹی انڈیکس 160 ریکارڈ کیا گیا، ماڈل ٹاؤن 154، مراتب علی روڈ گلبرگ 153، ایف سی کالج ظہور الٰہی روڈ 152،فیز 8 ڈیفنس 143،بیدیاں 139، عسکری ہائٹس 104 اور ایمپریس روڈ گڑھی شاہو میں 91 ائیر کوالٹی انڈیکس ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ ماحولیات کیجانب سے شہریوں کو گھروں سے نکلتے وقت ماسک اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ 

 

Sughra Afzal

Content Writer