صوبائی وزیر کھیل نے ای روزگار پروگرام کا نیوز لیٹر جاری کردیا

Rai Taimoor Khan Bhatti
کیپشن: Rai Taimoor Khan Bhatti
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

نشتر پارک (حافظ شہباز علی) صوبائی وزیر امور نوجوانان وکھیل رائے تیمور خان بھٹی نے ای لائبریری میں ای روزگار پروگرام کا پہلا 'نیوز لیٹر' جاری کر دیا۔

 صوبائی وزیر امور نوجوانان و کھیل رائے تیمور حیات خان بھٹی تقریب کے مہمان خصوصی تھے، اس موقع پر فری لانسرز کی سہولت کے لئے محکمہ امور نوجوانان و کھیل پنجاب، پی آئی ٹی بی اور پے اونیر کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ 

تقریب میں سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس فواد ہاشم ربانی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ، ڈائریکٹر جنرل پی آئی ٹی بی ساجد لطیف، پارٹنرشپ مینیجر پے اونیر عفاف نور ودیگر افسران نے بھی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ محکمہ سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ نوجوانوں کے لئے نئے پروگرام لارہا ہے، ای روزگار پروگرام سے نوجوانوں کو رہنمائی مل رہی ہے، ہزاروں نوجوان ہنر سیکھ کر پیسہ کما رہے ہیں، نیوز لیٹر میں ای روزگار پروگرام اور ای روزگار فری لانسرز کی کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ترقی کے جدید مواقع فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ترجیح ہے، ایم او یوکے تحت عالمی ای پیمنٹ کمپنی 'پے اونیر' فری لانسرز کیلئے انٹرنیشنل رقوم کے حصول میں آسانیاں پیدا کرے گی، جلد ہم ای کامرس پروگرام بھی لارہے ہیں جو انقلاب لائے گا، اس سے نوجوان بین الاقوامی مارکیٹ میں مقابلہ کرسکیں گے، نوجوانوں میں صلاحیت موجود ہے جس کے بل بوتے پر وہ اس فیلڈ میں اربوں روپے کما سکتے ہیں۔

 انہوں نے مزید کہا ہے کہ علامہ اقبال نے خودی کی سوچ دی ہے، فری لانسنگ کو علامہ اقبال کی خودی سے منسوب کریں گے، نوجوان آگے بڑھیں، اپنے لئے راستہ کھولیں اور دوسرے نوجوانوں کو بھی راستہ دکھائیں، آنیوالے وقتوں میں بہت تبدیلی نظر آئے گی۔

 صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے مزید کہا ہے کہ پنجاب حکومت ای ارن کا نیا پروگرام لارہی ہے، میں نے پیشکش کی ہے ای ارن پروگرام کے لئے یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی ای لائبریریز استعمال کی جائیں، میں سرٹیفکیٹ حاصل کرنیوالے نوجوانوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ان کو دیکھ کر دوسرے نوجوانوں میں آگے بڑھنے کا ولولہ پیدا ہوتا ہے۔

سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب فواد ہاشم ربانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ای روزگار پروگرام کے حوالے سے نیوز لیٹر کا اجراء کیا ہے، نوجوان ہماری آبادی کا 63 فیصد ہیں اور یہ ہماری وہ قوت ہیں جس سے استفادہ کرکے دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوسکتے ہیں، ہمیں اپنے نوجوانوں کو جدید علوم اور ہنر سکھانے کی سخت ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ای روزگار محکمہ امور نوجوانان اور سپورٹس پنجاب اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اشتراک سے جاری بہترین پروگرام ہے جس کے ذریعے ہم نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کیساتھ ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق جدید ہنر بھی سکھا رہے ہیں، جس سے ان کی معاشی مشکلات کا خاتمہ ہو رہا ہے، ای روزگار سنٹرز کی تعداد بڑھائی جارہی ہے۔

محکمہ امور نوجوانان اور سپورٹس پنجاب اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہونے سے نوجوانوں کو سیکھنے اور روزگار کمانے کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔

 ڈی جی ای روزگار پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ساجد لطیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ کہ صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی کی ہدایت پر مزید ای روزگار سنٹر قائم کیے جارہے ہیں، ای روزگار سنٹرز میں 35 ہزار نوجوانوں کو تربیت دی ہے جنہوں نے 350 ملین روپے کمائے ہیں، تربیت حاصل کرنیوالے نوجوانوں سے ہم نے رابطہ کیا کہ وہ کتنا کما رہے ہیں جواعدادوشمار سامنے آئے ہیں، وہ 3.5 بلین روپے ہیں اس میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔

 انہوں نے بتایا فری لانسرز کے مسائل حل کرنے کے لئے انٹرنیشنل کمپنی پے اونیر(Payoneer) ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر رہے ہیں جس سے فری لانسرز کو سہولت ملے گی اور ان کی کارکردگی بہتر ہوگی۔

  ای روزگار پروگرام سے تربیت حاصل کرنیوالی لڑکی صبا  خلیل نے بتایا کہ میں نے ایم اے کرنے کے بعد ملازمت کی مگر میں مطمئن نہیں تھی اور ملازمت چھوڑ دی، پھر میں ای روزگار پروگرام جوائن کیا اور کام شروع کیا، میں بہت کم وقت میں 40 لاکھ روپے کمائے ہیں اور اب میں دوسروں نوجوانوں کو تربیت دے رہی ہوں۔

سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب فواد ہاشم ربانی نے صوبائی وزیر امور نوجوانان وکھیل رائے تیمور خان بھٹی کو سوینئر پیش کیا جبکہ صوبائی وزیرامور نوجوانان وکھیل رائے تیمور خان بھٹی نے سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب فواد ہاشم ربانی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ، ڈائریکٹر جنرل پی آئی ٹی بی ساجد لطیف، پارٹنرشپ مینیجر پے اونیر عفاف نور کو سوینئر دیئے، صوبائی وزیرامور نوجوانان وکھیل رائے تیمور خان بھٹی نے تربیت حاصل کرنیوالی طالبات صبائ  خلیل، شائزہ، رخسانہ کوثر ودیگر کو سر ٹیفکیٹ دیئے۔

 

Sughra Afzal

Content Writer