( ریحان گل ) عیدالضحیٰ کی آمد میں ایک ماہ باقی، محکمہ بلدیات پنجاب نے کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو تیاری کا حکم دے دیا، لاہور سمیت صوبے بھر کی کمپنیوں سے یکم جولائی تک تفصیلی پلان مانگ لیا گیا۔
پنجاب حکومت کی جانب سے رواں سال کورونا وائرس کے باعث لاہور شہر کی حدود میں مویشی منڈیاں نہ لگانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر محکمہ بلدیات نے لاہور سمیت پنجاب بھر کی کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو مویشی منڈیوں کے انتظات کی تیاری مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
سپیشل سیکرٹری بلدیات کی جانب سے تمام کمپنیوں کو یکم جولائی کو انتظامات سے متعلق بریفنگ دینے کا کہا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق رواں سال سرکاری طور پر مویشیوں کی فیس وصولی کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ چھوٹے جانور کے 100 روپے اور بڑے جانور کے 500 روپے وصول کرنے کی تجویز تیار کی گئی ہے۔
کورونا کے پیش نظر جانوروں کے شامیانوں کے درمیان مناسب فاصلہ رکھنے، جانوروں کو کانگو وائرس سے بچانے کیلئے داخلی راستوں اور منڈیوں میں سپرے کو یقینی بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔ سکیورٹی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے اور پولیس کی سروسز لینے کی تجویز بھی دی گئی ہے، سنت ابراہیمی کی ادائیگی کیلئے شہر میں تاحال مویشی منڈیاں لگانے یا نہ لگانے سے متعلق کوئی تحریری نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے مویشی منڈیوں کے شہری حدود سے باہر قیام اور ایس او پیز کی تیاری سے متعلق اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی تھی۔ کمیٹی مویشی منڈیوں کے قیام سے متعلق حتمی سفارشات دے گی، کمیٹی میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ مومن آغا، سیکرٹری زراعت، لوکل گورنمنٹ، ہیلتھ اور محکمہ زراعت شامل ہیں۔