(حافظ شہباز علی) پاکستان کرکٹ بورڈنے قومی کرکٹرز کو کیربئین لیگ میں شرکت کے لئے این او سی جاری کردئیے، آل راونڈر سہیل تنویرعلی الصبح ویسٹ انڈیز روانہ ہوں گے۔
کیربئین لیگ میں پاکستانی کھلاڑی بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔پی سی بی نے قومی کرکٹرز سہیل تنویر اور آصف علی کو لیگ کے لئے این او سی جاری کردئیے ہیں ۔آل راونڈر سہیل تنویر علی الصبح ویسٹ انڈیز روانہ ہوں گے۔جارح مزاج بلےباز آصف علی 29 جولائی کو ویسٹ انڈیز جائیں گے۔سہیل تنویر بارباڈوس میں قرنطینہ اور پریکٹس کریں گے جبکہ آصف علی ویسٹ انڈیز پہنچ کر سینٹ لوشیا میں 14 روز کا قرنطینہ اور پریکٹس کریں گے۔
دوسری جانب جنوبی افریقن لیگ سپنر عمران طاہر کیربئین لیگ کھیلنے کے لئے ویسٹ انڈیز روانہ ہوگئے، پاکستانی نژاد جنوبی افریقن کرکٹر عمران طاہر سی پی ایل کھیلنے کے لیے ویسٹ انڈیز روانہ ہوگئےہیں۔عمران طاہر پی ایس ایل ملتوی ہونے کے بعد فلائٹ آپریشن معطل ہونے سے جنوبی افریقہ نہیں جا سکے تھے۔عمران طاہر پاکستان میں فیملی کے ساتھ قیام کے بعد ویسٹ انڈیز چلے گئے۔
لیگ سپنر بذریعہ انگلینڈ ویسٹ انڈیز جائیں گے۔وہ ایک روز انگلینڈ میں قیام کے بعد 28 جولائی کو ویسٹ انڈیز روانہ ہوں گے۔عمران طاہر کو ویسٹ انڈیز میں چودہ روز کا قرنطینہ کرنا ہوگا۔کورونا ٹیسٹنگ اور قرنطینہ کرنے کے بعد عمران طاہر پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گے۔ کیربیئن پریمیئر لیگ 18 اگست سے دس ستمبر تک کھیلی جائے گی۔کورونا وارئرس کی وجہ سے سی پی ایل کو 24 دن تک محدود کیا گیا ہے۔