( علی عباس ) وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان لنگڑیال کی پنجاب کے کسانوں کو ایک اور اچھی خبر، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی سرپرستی میں 3 ارب 68 کروڑ روپے کی لاگت سے 20 ہزار ایکڑ رقبے پر ڈرپ/ سپرنکلر نظام آبپاشی کے لیے سولر سسٹم کی تنصیب پر 50 فیصد سبسڈی دینے کا اعلان کردیا گیا ہے۔
وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان لنگڑیال نے کہا کہ اس منصوبے سے ڈیزل، پانی اور بجلی کی بچت ہوگی۔ پیداواری اخراجات میں کمی ہوگی، فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ وزیر زراعت پنجاب نے کہا سب سے اہم بات جو کپاس کی کاشت کا بارانی علاقوں میں تجربہ کر رہے ہیں وہاں غیر ہموار زمینوں کے لیے یہ موزوں ترین ٹیکنالوجی ہے۔ آنے والے سالوں میں ہزاروں ایکڑ پر کپاس کی کاشت کرنے کے قابل ہونگے۔
وزیر زراعت نے کہا کہ فیلڈ میں موجود محکمہ زراعت اصلاح آبپاشی کی آفیسرز سے معلومات حاصل کریں اور اس سکیم سے فائدہ اٹھائیں۔ کاشتکار مزید معلومات و رہنمائی کے لیے 17000-0800 پر بھی رہنمائی اور معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ وزیر زراعت نے کہا محکمہ زراعت کے شعبہ اصلاح آبپاشی کی ویب سائٹ سے معلومات بھی حاصل کرسکتے ہیں۔