پنجاب حکومت کا تعمیراتی شعبے کیلئے پیکج کا اعلان

پنجاب حکومت کا تعمیراتی شعبے کیلئے پیکج کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ (علی اکبر) پنجاب حکومت نے تعمیراتی شعبے کے فروغ اور معاشی استحکام کیلئے شاندار پیکیج کا اعلان کیا۔

 وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تعمیراتی شعبوں سے متعلقہ اجازت ناموں کے حصول کیلئے ون ونڈو سسٹم متعارف کرا دیا، تعمیرات سے متعلقہ این او سی اور نقشہ جات کی منظوری اب ای خدمت مراکز سے ہوگی، ای خدمت مراکز میں ضروری اجازت نامے بغیر رشوت کے آسانی سے مل سکیں گے اور عوام کو اب فائلیں اٹھائے دفتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے تعمیراتی شعبے سے متعلقہ خدمات کے این او سی کے اجراء کیلئے ٹائم فریم مقرر کر دیا ہے،حکومت درخواست گزار کو مقررہ مدت میں این او سی اور اجازت نامے جاری کرنے کی پابند ہوگی، رہائشی یا کمرشل عمارتوں کی تعمیر کیلئے نقشے کی منظوری 30 دن اور کمرشلائزیشن کنورژن کا این او سی صرف 45 دن میں درخواست گزار کو مہیا کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نئی ہاؤسنگ سکیموں کی منظوری ڈویلپمنٹ اتھارٹیز سے 60 روز جبکہ ٹی ایم ایز سے 75 روز میں ہوگی، ان خدمات کیلئے ماضی میں عوام کو کئی کئی ماہ دفاتر کے چکر کاٹنے پڑتے تھے، تعمیراتی شعبے سے متعلقہ ان انقلابی اصلاحات سے کرپشن اور مافیا کے تاخیری حربوں کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں ای گورننس سے عوام کیلئے سہولتوں کو بہتر بنایا جا رہا ہے اور شہریوں کیلئے ہر سطح پر آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں، ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں قائم ای خدمت مراکز میں ون ونڈو آپریشن کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے، تعمیراتی شعبے سے متعلقہ 32 خدمات سمیت مجموعی طور پر 78 خدمات ان مراکز سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے پنجاب حکومت کے اقدامات سے صوبے میں معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی اور تعمیراتی شعبہ ترقی کرے گا، دوسرے مرحلے میں اگست کے پہلے ہفتے سے ان خدمات کا دائرہ کار ضلعی سطح تک بڑھائیں گے اور پنجاب کے 36 اضلاع میں عوام تعمیراتی شعبے میں سہولت کیلئے ان خدمات سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے ایک فرسودہ سسٹم کو عوام کی سہولت کیلئے آسان ترین بنا دیا گیا ہے اور اس اقدام سے نہ صرف قیمتی وقت بچے گا بلکہ فائل چلانے کیلئے رشوت کا بھی خاتمہ ہوگا، عوام کو ریلیف دینے کیلئے ایک ہی چھت تلے خدمات کی تیز ترین فراہمی نئے پاکستان کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔

Sughra Afzal

Content Writer