(اکمل سومرو) سرکاری کالجوں میں فرسٹ ائیر کے داخلوں کے لیے نشستوں کی تعداد صرف 51 ہزار 900 مقرر، لاہور بورڈ سے میٹرک پاس 1 لاکھ سے زائد طلبا کو پرائیویٹ کالجوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا۔
میٹرک پاس کرنے والے طلبا کو فرسٹ ائیر میں داخلہ لینے کے لیے پریشانی کا سامنا ہے، شہر کے سرکاری کالجوں میں مارننگ میں فرسٹ ائیر کی نشستوں کی تعداد صرف 39660 مختص ہے، جبکہ ایوننگ میں مختص نشستوں کی تعداد 12316 ہے، فرسٹ ائیر کی مجموعی نشستوں کی تعداد 51976 ہے۔
طالبات کے کالجوں میں مختص نشستیں 29135 جبکہ طلبہ کے کالجوں میں 22841 ہیں، لاہور بورڈ سے کامیاب طلبا میں سے صرف 36.2 فیصد طلبہ کو سرکاری کالجوں میں داخلے دینے کی گنجائش ہے۔
سرکاری کالجوں میں نشستیں نہ ہونے کہ بنا پر ایک لاکھ سے زائد طلبا پرائیویٹ کالجوں کےرحم و کرم پر ہیں، پرائیویٹ کالجوں میں طلبا سے سالانہ فیس 35 ہزار روپے سے 70 ہزار روپے تک وصول کی جاتی ہے۔
سرکاری کالجوں میں سالانہ3100 روپے سے 4500 روپے تک فیس لی جاتی ہے، حکومت کی ناقص منصوبہ بندی کےباعث والدین پریشانی کا شکار ہیں۔