( سٹی 42 ) مال روڈ چیئرنگ کراس پر متحدہ اپوزیشن کا جلسہ، ن لیگ، پیپلزپارٹی، جے یو آئی (ف) کے کارکنان کی شرکت، صدر مسلم لیگ (ن) شہبازشریف کہتے ہیں گزشتہ الیکشن میں تاریخ کی بدترین دھاندلی ہوئی، ملک کی خدمت کرنے والوں کو جیلوں میں ڈال دیا گیا، لاہور سے لیکر کراچی تک عوام حکومت کیخلاف کھڑے ہیں۔
یوم سیاہ پر متحدہ اپوزیشن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ (ن)شہباز شریف نے کہا کہ سیاسی مخالفین کیخلاف انتقامی کارروائیاں کی جارہی ہیں، کسان، تاجر، مزدور اور عوام سب ہمارے ساتھ ہیں، نوازشریف کا قصور یہ ہے انہوں نے ملک کے اندھیرے دور کیے۔ یہ سمجھتے ہیں کہ نوازشریف، شہبازشریف اور حمزہ کو جیل میں ڈال کر دبالیں گے، شہبازشریف نے سوال کیا کہ حکومتی وزرا کئی کیسز میں ملوث ہیں، نیب کارروائی نہیں کرتا، احتساب کے نام پر بدترین انتقام چل رہا ہے، بہت ہوگیا اب پاکستان کو بچانا ہوگا۔
شہبازشریف نے کہا کہ بتایا جائے میاں نوازشریف کا کیا قصور ہے، نوازشریف کے دور میں روٹی 5 روپے کی تھی، آج 15 روپے کی ہوگئی، مہنگائی نے عوام کا جینا اجیرن کردیا ہے۔ مہنگائی سے تنگ عوام کا سمندرعمران خان کو بہالے جائے گا، ہم نے پاکستان کی ترقی کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں، آج کے دن ایک سال قبل الیکشن میں بڑی دھاندلی ہوئی۔ عمران خان نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا۔
اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف واپس آئے گا اور دوبارہ ترقی دلائے گا، ان کے زمانے میں کرسیاں کھالی تھیں آج میدان بھرا ہوا ہے، الزامات پر مبنی حکومت زیادہ دیر نہیں چل سکتی۔