سینئیر صحافی پرویز شوکت انتقال کر گئے

Parvaiz Shoukat, پرویز شوکت،PFUJ, Pakistan Federal Union of Journalists, PFUJ, Rawalpindi Islamabad Union of Journalists, RIUJ, Rawalpindi Press Club, National Press Club Islamabad, City42, Daily Jung Rawalpindi
کیپشن: File Photo پرویز شوکت مرحوم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: سینئیر صحافی پرویز شوکت انتقال کر گئے۔

پرویز شوکت راولپنڈی میں مقیم تھے۔ ان کی ورکنگ جرنلسٹس کے حقوق کے لئے جدوجہد کئی دہائیوں پر محیط ہے۔انہوں نے صحافتی زندگی کا بیشتر حصہ روزنامہ جنگ کے ساتھ  رپورٹر کی حیثیت سے کام کرتے گزارا۔ وہ پاکستان میں صحافیوں کے حقوق کے لئے کام کرنے والی تنظیم پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے روح رواں تھے اور  اس کے ساتھ تقریباً ہر حیثیت میں کام کرتے رہے۔ پیشہ ور صحافیوں کو خصوصی ویج ایوارڈ دلوانے کی جدوجہد میں پرویز شوکت نے مرکزی ستون کا کردار ادا کیا۔ پرویز شوکت روزنامہ جنگ کی یونین کے متعدد عہدوں پر کئی بار منتخب ہوئے۔ وہ  (سابقہ)راولپنڈی اسلام آباد پریس کلب کی سیاست میں بھی ایک مستقل ستون کی حیثیت سے سالہا سال تک ایستادہ رہے، بعد ازاں نیشنل پریس کلب کی بنیاد رکھنے میں انہوں نے بنیادی کردار ادا کیا۔

پرویز شوکت صحافت کا پیشہ اختیار کرنے سے پہلے پاکستان ائیرلائن میں کام کرتے رہے۔ پی آئی اے میں بھی انہوں نے مزدوروں کے حقوق کے لئے بے جگری کے ساتھ جدوجہد کی۔ پرویز شوکت کو  ورکنگ صحافیوں کے حقوق کے لئے آواز اٹھانے کے سبب زندگی میں بہت دفعہ تلخ حالات کا سامنا کرنا پڑا لیکن انہوں نے اجتماعی فلاح کے مقصد پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔

 پرویز شوکت کے انتقال پر راجہ پرویز اشرف کی تعزیت

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے روزنامہ جنگ کے سینئر صحافی پرویز شوکت کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے سینئر صحافی پرویز شوکت مرحوم کی صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی صحافت کے شعبے کے لیے پیش کی جانے والی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سینئر صحافی پرویز شوکت کی وفات صحافت کے شعبے کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے جس سے پیدا ہونے والا خلاء تادیر پر نہیں کیا جاسکے گا۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اللہ تعالیٰ سے مرحوم کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعا کی۔

عامر میر کا پرویز شوکت کو خراج عقیدت

سنئیر صحافی اور پنجاب کی نگراں حکومت کے وزیر اطلاعات عامر میر نے پرویز شوکت کی رحلت پر اپنے تعزیتی پیغام میں ان کی وفات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پرویز شوکت کی صحافت کے شعبہ میں خدمات پر میں انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ پرویز شوکت کی صحافت کے لئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ اللہ تعالیٰ پرویز شوکت کے درجات بلند فرمائیں اور ان کے پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائیں۔