آج سےبارش اور برفباری کا امکان، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

Rain and snowfall alert, weather forecast, PDMA Alert, Khyber Pakhtoonkhwa. City42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: خیبرپختونخوا میں آج  27 جنوری سے 31 جنوری کے دوران بارش اور برفباری ہونےکا امکان ہے۔

 محکمہ موسمیات کی جانب سے بارشوں اور برف باری کی پیشین گوئی کے پیش نظر  پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کے لیے مراسلہ جاری کردیا۔ پی ڈی ایم اے  کے مراسلہ میں انتظامیہ کو بارشوں اور برفباری کے دوران عوام کو ممکنہ نقصانات سے بچانے کے لئے پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل محمد قیصر خان کی جانب سے بھیجے گئے مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں 27 جنوری سے بارشوں اور بالائی اضلاع میں برفباری کاسلسلہ شروع ہونےکا امکان ہے۔ضلعی انتظامیہ  ضرورت کے وقت چھوٹی اور بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنائے۔ 

موسم کی تبدیلی کے نتیجہ میں شہری علاقوں میں دھند میں کمی کا امکان ہے۔ حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رکھنے اور احتیاطی تدابیر کی ہدایت  کرنے کا بندوبست کیا جائے۔ موسم کے حوالہ سےحساس اضلاع میں مقامی آبادی تک پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائے جائیں ۔
 کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں اورسڑک کی بندش کی صورت میں ٹریفک کے لئے متبادل راستے فراہم کئے جائیں۔ صوبائی اور قومی شاہراہوں پرمسافروں کو پیشگی خبردار کیا جائے۔ اس دوران ہنگامی خدمات کے اہلکاروں کی دستیابی یقینی بنائیں۔بارشوں اور برفباری کا سلسلہ31 جنوری تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔