(مانیٹرنگ ڈیسک) ڈالر کی مسلسل قیمت بڑھنے پر چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) عاصم احمد کا کہنا ہے کہ ڈالر کے اتار چڑھاؤ میں ایک سے زیادہ عوامل شامل ہیں، ڈالرز کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے فورس بڑھا دی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق چیئر مین ایف بی آرکا کہنا ہے کہ ملک سے باہر ڈالرز ساتھ لے جانے کی حد بھی 10 ہزار سے کم کرکے 5 ہزار ڈالر کر دی ہے،وزیراعظم ہر ہفتے ڈالرز کی اسمگلنگ کے حوالے سے بریفنگ لیتے ہیں۔
چیئرمین ایف بی آر کا مزید کہنا تھا کہ ایف بی آر نے معیشت کی بحالی کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں، ایف بی آر موجودہ دور کے تقاضوں سے مکمل طور پر آگاہ ہے، اس سال ورلڈ کسٹمز ڈے کا تھیم ٹیکس گیپ کو ختم کرنا ہے، ٹیکس گیپ کو ختم کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، پہلا سال ہو گا جب ان ڈائریکٹ ٹیکس کے مقابلے میں ڈائریکٹ ٹیکس زیادہ اکٹھا ہو گا۔
چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ نان فائلرز کی بینک ٹرانزیکشن پر ٹیکس لگانے سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا اور بارڈز کو تجارت کے لیے 24 گھنٹے کھلا رکھنے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔