ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

خاتون کا پیچھا کرنے پر اب ہوگی کتنے ماہ کی سزا ?

خاتون کا پیچھا کرنے پر اب ہوگی کتنے ماہ کی سزا ?
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 ویب ڈیسک : وزیراعظم عمران خان  نے پاکستان پینل کوڈ قوانین میں ترامیم کی منظوری دے دی جو آئندہ اجلاس میں وفاقی کابینہ میں پیش کی جائیں گی ۔خاتون کا پیچھا کرنے پر اب ہوگی 3 ماہ کی سزا۔ بیوی پر شوہر یا اس کے کسی رشتہ دار پر تشدد ثابت ہونے کی صورت میں تین سال تک قید کی سزا تجویز کی گئی ہے۔

 وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ تقریباً 600 قوانین میں ترمیم کی تجویز سامنے آئی ہے جو وفاقی کابینہ اجلاس میں پیش کی جائیں گی اور کابینہ کی منظوری کے بعد پارلیمنٹ میں منظوری کے لیے پیش ہوں گی۔  وزیر قانون نے کہا کہ وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد ترمیمی بل آرڈیننس کے ذریعے منظور کروانے کے بجائے پارلیمنٹ سے ہی منظور کروایا جائے گا۔ ترامیم وزیر قانون فروغ نسیم کی جانب سے تجویز کی گئی ہیں جس میں خواتین پر تشدد روکنے کے حوالے سے ترمیم بھی شامل کی گئی ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مجوزہ قانون میں ایف آئی آر کی ڈیجیٹلائزیشن، ٹرائل کے طریقہ کار، قانون شہادت اور جدید آلات کو استعمال کرنا شامل ہیں۔

تیار کردہ ڈرافٹ میں کوڈ آف کریمنل پروسیجر 1898 میں تبدیلی، پاکستان پینل کوڈ 1860 میں ترامیم، قانون شہادت آرڈر 1984، دیگر کریمنل قوانین، پاکستان پریزن رول 1978 میں ترامیم، رحم کی اپیل، اسلام آباد میں کریمنل پراسیکیوشن سروس ایکٹ 2021 کا ڈرافٹ بل اور اسلام آباد میں فرانزک سائنس ایجنسی ایکٹ 2021 کے بارے میں تجاویز شامل ہیں۔

پاکستان پینل کوڈ میں ایک نئی دفعہ 354 بی کا اضافہ کرنے کی بھی تجویز شامل کی گئی ہے جس میں کہا گیا کہ کسی خاتون کا پیچھا کرنے پر بھی سزا کی تجویز ہے جس میں صرف حقیقی طورپر پیچھا کرنے پر نہیں بلکہ سوشل میڈیا پر کسی بھی ذریعے سے پیچھا کرنے کی شکایت پر بھی پولیس کارروائی کرسکتی ہے۔   سیکشن 498 ڈی کے مطابق بیوی پر شوہر یا اس کے کسی رشتہ دار پر تشدد ثابت ہونے کی صورت میں تین سال تک قید کی سزا تجویز کی گئی ہے جب کہ ایسا کوئی بھی اقدام خاتون پر تشدد کے زمرے میں آئے گا جس سے خاتون خودکشی کرنے پر مجبور ہو یا اسے ذہنی یا جسمانی طور پر نقصان پہنچایا جائے۔

  ان نئی دفعات کے تحت پولیس صرف ایک بار وارننگ جاری کرے گی لیکن دوسری بار شکایت ملنے پر تین ماہ قید اور ایک لاکھ روہے تک جرمانے کی سزا دینے کی تجویز شامل ہے اور متعدد بار شکایت موصول ہونے پر ایک سال قید اور پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا کی تجویز ہے۔