( قذافی بٹ ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال اور وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت کی زیر صدارت پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کا اجلاس، وزیرصنعت اسلم اقبال کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاری میں حائل سرخ فیتے کی رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا، وزیرخزانہ کا کہنا ہے کہ غربت، بے روزگاری کے مسئلے پر قابو پانے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے سرمایہ کاری کا فروغ ضروری ہے۔
اجلاس میں صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاری کا فروغ ہماری اولین ترجیح ہے۔ سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے ون ونڈو آپریشن کا آغاز کیا جارہا ہے۔
وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے غیر ضروری اور فرسودہ قوانین کو تبدیل کرکے انہیں موجودہ دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے نظام بنائیں گے، جس سے سرمایہ کاری کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور ہوں گی۔