علی ساہی:اگلے ماہ سے شہری اپنی گاڑیوں کے من پسند نمبرز، نام، ذات اورہیروزکے لوگووالی نمبرپلیٹس لگا سکیں گے۔ متعلقہ کمپنی کو کمائی کا اکتیس فیصد جبکہ انہتر فیصد ایکسائز کو ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق وینٹی پلیٹس کےاجراسے شہریوں کا شوق پوراہوگا اورایکسائزکے لیے بڑی آمدن کا ذریعہ۔ فروری کے مہینے میں اپنا نام، پسند کی شخصیات، پسند کے نمبرز اور مختلف لوگوز والی پلیٹس جاری ہونگی جس کے لیے محکمہ ایکسائز اور متعلقہ کمپنی نے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔
جس کے لیے ایس آئی گلوبل نے شہرمیں ڈیفنس زیڈبلاک، والٹن روڈ، فریدکورٹ ہاؤس، باغبانپورہ، شاہدرہ اور بند روڈپر دفتر بنائے گئے ہیں۔ پنجاب بھرمیں گوجرانوالہ،فیصل آباد،ملتان،راولپنڈی سمیت نواضلاع میں دفاتربنائے گئے ہیں۔ پراجیکٹ مینجرایس آئی گلوبل ارسلان طیب کا کہنا ہے کہ وینٹی پلیٹس کی چار کیٹیگریز متعارف کرائی جائیں گی جس میں دوملٹی نیشنل کمپنیوں کے لیے ہونگی جبکہ دو عام عوام کے لیے ہونگی۔ براؤنزکیٹیگری میں عام نمبرز ہونگے۔ گولڈ میں پسند کے نام والی، ذات والی یاہیروزکی تصاویر والی پلیٹس ہونگی۔ اس سلسلے میں ویب سائٹ اورموبائل ایپ بھی تیارکرلی گئی ہےجس کے ذریعے شہری نیلامی میں حصہ لے سکیں گے
ڈائریکٹر ایکسائز عاصم بخاری کا کہنا ہے کہ اس سے محکمہ ایکسائز کا انہتر فیصد جبکہ ایس آئی گلوبل کواکتیس فیصد حصہ ملے گا۔ شہریوں کو گاڑیوں کو اپنی پسند کا نمبرز لگانے کا شوق بھی پورا ہو جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ پہلے دوماہ ٹیسٹ کے طور پرکیا جائے گا اور اسکے بعد باقاعدہ طور پر آغاز کر دیا جائے گا اور وینٹی پلیٹ کا مقصد ہے کہ شوقین شہری اپنی پسند کی پلیٹس گاڑیوں پر لگا سکیں۔