موبائل ہسپتال پروگرام ناکام ہو چکا ہے: چوہدری پرویزالٰہی

موبائل ہسپتال پروگرام ناکام ہو چکا ہے: چوہدری پرویزالٰہی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی اکبر:مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ان کی حکومت نے پنجاب میں جرائم کے خاتمہ کیلئے فرانزک لیب کیلئے 2007ء میں کام شروع کیا، ان کے دیگر منصوبوں کی طرح شہباز شریف نے اس پر بھی کام روک کر 5سال بعد دوبارہ شروع کیا۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منڈی بہاؤالدین کے انکے منصوبے پر 10سال تک کام شروع نہیں کیا، گجرات تا سالم دو رویہ سڑک کی تعمیر انکا منصوبہ تھا جس میں سے پھالیہ تک انہوں نے سڑک مکمل کر لی تھی لیکن شہبازشریف نے اس پر بھی کام روک دیا اور ان منصوبوں کا بھی کریڈٹ لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اسی طرح انہوں نے پل چک نظام ملکوال کی تعمیر کے کام کا چوتھی بار افتتاح کیا جبکہ قبل ازیں نوازشریف بھی اس کا فیتہ کاٹ چکے ہیں۔ان کی حکومت نے منڈی بہاؤالدین میں 5سال کے دوران ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی کاموں پر اربوں روپے خرچ کیے۔

چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ ان کی دیگر فیل سکیموں کی طرح موبائل ہسپتال پروگرام بھی ناکام ہو چکا ہے اگر وہ منڈی بہاؤالدین سمیت گوجرانوالہ ڈویژن کے عوام سے اتنی محبت کے دعویدار ہیں تو انہوں نے وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال 10سال تک کیوں آپریشنل نہیں کیا، دراصل انہیں جھوٹے بولنے اور پنجاب میں ہمارے منصوبوں کو التوا میں ڈال کر پھر تختیاں بدل کر اپنے کھاتے میں ڈالنے کے ڈرامے کرنے کی عادت ہے۔