سٹی42:ترجمان پنجاب حکومت ملک احمد خان کا کہنا ہے کہ زینب کے قاتل عمران کا کوئی اکاؤنٹ نہیں۔ اکاؤنٹس سے متعلق وزیراعلیٰ نے جے آئی ٹی بنائی، سپریم کورٹ نے بھی تحقیقات کا حکم دیا ہے، ڈاکٹرشاہدمسعود جےآئی ٹی پیش نہیں ہورہے۔
ترجمان پنجاب حکومت کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ڈاکٹر شاہد مسعود نے ملزم عمران کے بیرون ملک کرنسی بینک اکاﺅنٹس سے متعلق بے بنیا د اور جھوٹی خبر دے کر تفتیشی مرحلے کا رخ موڑنے کی کوشش کی ۔ان کا کہنا تھا کہ اینکر پرسن نے اپنی خبر میں جن اراکین پارلیمنٹ کی کردار کشی کی، انہیں بھی سپریم کورٹ میں جانا چاہیے۔
ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ سپریم کورٹ نےبھی ڈاکٹرشاہدکی خبرپرازخودنوٹس لیا۔ سپریم کورٹ میں ان اکاﺅنٹس سے متعلق کیس ہے، وہاں سے حتمی فیصلہ آنے کے بعد پنجاب حکومت طے کرے گی۔ اس غلط خبر کے معاملے پر کیا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی نے شاہد مسعود کو دو بار طلب کیا لیکن وہ نہیں آئے، اب پھر انہیں جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کا کہہ رہے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر شاہد مسعود کی خبر بالکل جھوٹ ہے جو انوسٹی گیشن کو ڈی ٹریک کرنے کی کوشش تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ جب ڈاکٹر شاہد مسعود نے ملزم عمران پر بیرون ممالک اکاﺅنٹس کا الزام لگا یا تو وزیراعلیٰ پنجاب نے معاملے پر کمیٹی بنائی۔