(ملک اشرف) لاہورہائیکورٹ نے نواز شریف کو وزیر اعظم کے عہدے پر بحال کرنے کے لئے دائر درخواست پر وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین سے جواب طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کی، درخواست گزار اے کے ڈوگر نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن نے 28 جولائی کو غیر قانونی طور پر نواز شریف کو ڈی نوٹیفائی کیا، انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 95 اے کے تحت وزیر اعظم کو صرف عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعے ہی ہٹایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو عوام اور ممبران قومی اسمبلی نے اپنے ووٹوں سے وزیر اعظم منتخب کیا، انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے تحریک عدم اعتماد کے بغیر ہی غیر قانونی طور پر میاں نوازشریف کو عہدے سے الگ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
درخواستگزار نے کہا کہ نواز شریف اس وقت بھی وزیر اعظم ہیں، کیس کے فیصلے تک الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کو معطل قرار دیا جائے جس پرعدالت نے وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین سے جواب طلب کر لیا۔