(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پہلے بھی کہہ چکی ہوں میری کرپشن کیلئے زیرو ٹالرنس ہے، ہم شفاف نظام لائیں گے، کرپشن کی روک تھام کیلئے سسٹم لائیں گے، حکومت سنبھالنے کے بعد عوام سے تعلق ٹوٹ جاتا ہے، میری ہیلپ لائن عوام اور ہر طبقے کیلئے کھلی ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک رمضان ریلیف پیکیج "نگہبان" کے نام سے بنایا ہے، نگہبان پیکیج گھروں تک پہنچایا جائے گا، عوام کا حق دہلیز تک پہنچانا اولین ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ سستے رمضان بازار لگائیں گے جن کی مانیٹرنگ ہوگی، پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو بھی مانیٹر کریں گے، آج سے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو ذمہ داریاں دے رہی ہوں، عوام کو اصل قیمت کے علاوہ ایک روپیہ بھی اوپر دینے کی ضرورت نہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ 60 ہزار ماہانہ تنخواہ والے لوگ مستحقین ہیں، ان کی مدد کرنا ہمارا فرض ہے، چیف سیکرٹری سے کہا ہے 3 ماہ میں پورے پنجاب کا سروے ہونا چاہیے، ہمیں معلوم ہونا چاہیے کس کو کس چیز کی ضرورت ہے۔
’میرٹ پر بچوں کو سہولیات فراہم کرینگے‘
چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن نے کہا کہ میرٹ پر اترنے والے بچے کو حکومت پنجاب وسائل فراہم کرے گی، پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کو آگے بڑھائیں گے، ہمارے بہت سے نوجوانوں کے پاس صلاحیتیں ہیں، چاہتی ہوں دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں نوجوانوں کو داخلہ ملے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری معاشی صورتحال سب کو پتہ ہے، جو نوجوان میرٹ پر پورا اترے گا انٹرنیشنل یونیورسٹی کا خرچہ حکومت پنجاب ادا کرے گی، انٹرن شپ میں بچوں کو 25 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔