صحرائے چولستان میں سجا سب سے بڑا موٹر اسپورٹس میلہ

صحرائے چولستان میں سجا سب سے بڑا موٹر اسپورٹس میلہ
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: صحرائے چولستان میں دھول اڑاتی ، فراٹے بھرتی ہچکولے کھاتی بھاری بھرکم گاڑیوں کے اعصاب شکن مقابلے ہوئے۔

جیپ ریلی کے پانچوں دن جنگل میں منگل کا نظارہ دکھائی دیا، آخری روز پری پیئرڈ کیٹگری کے فائنل راؤنڈ کے مقابلے میں زین محمود نے مجموعی طور پر 462 کلومیٹرز کا ٹریک 3 گھنٹے 51 منٹ اور 42 سیکنڈز میں طے کرکے چولستان کے سلطان ہونے کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔اس موقع پر زین محمود نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ پچھلے کئی مقابلوں میں وہ سیکنڈوں کے مارجن سے نہ جیت سکے تھے اس مرتبہ مقابلے کے لیے مصمم ارادہ کیا ہوا تھا، اللہ پاک نے مدد کی، ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوا۔

 زین نے کہا کہ انھیں انٹرنیشنل ریسز کی بھی آفرز ہیں بہت جلد ان کی ٹیم ”ٹیم ایشیا“ دبئی کے صحرا میں گاڑی دوڑاتے دکھائی دے گی۔لیڈیز کیٹیگری میں کامیابی حاصل کرنے والی ماہم شیراز کراچی سے وکالت کی ڈگری حاصل کررہی ہیں۔انھوں نے کہا کہ وہ چار سال سے مختلف ریسز میں حصہ لے رہی ہیں، خواتین کی تعداد بڑھنے سے مقابلے بہت دلچسب ہوگئے ہیں، سلمٰی مروت کو ہرانا چیلنجنگ تھا۔

انگلینڈ سے آئی ہوئی زنیرا محمود جو زین محمود کی بہن ہیں کہتی ہیں کہ پہلی مرتبہ ٹرک ریس میں حصہ لیا جس کا تجربہ زبردست رہا۔ زنیرا نے کہا کہ انھوں نے بائیک کبھی نہیں چلائی البتہ ٹرک چلانے کی ماہر ہوگئی ہوں، انھوں نے 40 کلومیٹر کے فاصلے پر اپنی ڈرائیونگ مہارت کا مظاہرہ کیا۔ایک اور ٹرک ڈرائیور عائشہ کہتی ہیں کہ وہ اس کھیل میں اپنے شوق سے آئی ہیں، وہ زبان سے زیادہ گاڑی تیز  چلاتی ہیں مگر نیویگیشن کے بغیر ایسا ممکن نہیں، کو ڈرائیور کے بغیر ڈرائیو کرنا اپنے آپ کو مشکل میں ڈالنے کے برابر ہے۔

ڈرٹ بائیکس کے مقابلوں کا انعقاد: 

پہلی مرتبہ چولستان میں ڈرٹ بائیکس کے مقابلوں کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں واحد خاتون فاطمہ ناصر نے شرکت کی، وہ کہتی ہیں کہ وہ اس سے قبل بائیک ریس کے تین مقابلوں میں حصہ لے چکی ہیں، چولستان ریس ون آف دی چیلنجنگ بیسٹ تھی۔پری پیئر کیٹیگری میں دوسرے نمبر پر آنے والے جعفر مگسی نے 4 گھنٹے 6 منٹ اور 25 سیکنڈز میں مقررہ کردہ ٹریک عبور کیا جب کہ صاحبزادہ سلطان کی تیسری پوزیشن رہی۔

 پری پیئرڈ کیٹیگری کے پہلے مرحلے کے رنر اپ اور چولستان جیپ ریلی کے پائنیر میر نادر مگسی اپنی گاڑی کے ساتھ حادثے کی وجہ سے دوسرے مرحلے سے باہر ہو گئے جب کہ دفاعی چیمپئن فیصل شادی خیل کی گاڑی ٹریک عبور کرنے سے قبل خراب ہوگئی۔

اسٹاک کیٹیگری میں بلال چوہدری نے 232 کلومیٹر کا ٹریک 2 گھنٹے 16 منٹ اور 12 سیکنڈز میں طے کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔جیپ ریلی کے ٹرک ریس مقابلوں میں پشاور کے احمدشاہ باچا خیل نے ٹائٹل اپنے نام کیا، ڈرٹ بائیکس کے مقابلوں میں کامران شریف نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔اس موقع پر کیمل ماؤنٹیڈ بینڈ نے اپنی شاندار پرفارمنس سے جیپ ریلی کے پانچوں روز خوب رنگ جمایا، اختتامی تقریب قلعہ ڈیراور کے تاریخی مقام پر منعقد کی گئی جس میں ریس جیتنے والوں میں ٹرافیاں اور انعامات کے ساتھ چیک تقسیم کیے گئے۔

Ansa Awais

Content Writer