(جنید ریاض)سکولوں سے ڈینگی وباء پھیلنے کا خدشہ، لاہور کے 70 سکولوں کی جانب سے ڈینگی تدارک کے لئے اقدامات نہ کرنے پر ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے متعلقہ سربراہان کو وارننگ جاری کردی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے 70 سکولوں نے ڈینگی تدارک کے لئےاقدامات نہیں کیے جس پر ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے متعلقہ سکول سربراہان کو وارننگ جاری کردی ہے،سکول سربراہان کو ڈینگی تدارک کے لئےاقدامات کرنے کی فوری ہدایت کی گئی ہے، ایجوکیشن اتھارٹی نے مذکورہ 70 سکولوں کے سربراہان کو ذاتی شنوائی کے لئےبھی طلب کرلیا ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق ان سکوں میں گورنمنٹ سکول باغبانپورہ، مراکہ کوارٹر، مغلپورہ، شادباغ، رائیونڈ، علی رضاء آباد، سمن آباد، دھرم پورہ، شالیمار، اسلام پورہ، شاہدرہ، وحدت کالونی اور گھوڑے شاہ کے سکول شامل ہیں، ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کا کہنا ہے کہ ڈینگی تدارک کے لئےاقدامات نہ کرنے پر سکول سربراہان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
قبل ازیں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے سکولوں میں ڈینگی تدارک کے لئےاقدامات نہ کرنے پر نوٹس لے لیا۔ ایجوکیشن اتھارٹی نے ڈینگی پھیلنے کے خدشات کے حوالے سکول سربراہان کو وارننگ بھی جاری کی تھی۔ سکول سربراہان کو ڈینگی تدارک کے لئے کی جانے والی سرگرمیوں کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ بھیجوانے کی ہدایت کی گئی تھی۔
ایجوکیشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ڈینگی سرگرمیوں کے حوالے سے سکول سربراہان کی جانب سے روزانہ تیس تصاویر اپ لوڈ کی جائیں گی۔تصاویر اپ لوڈ کرنے کے لئےسکول سربراہان موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کریں گے۔احکامات کی خلاف ورزی پر سکول سربراہان کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی ۔
گزشتہ دنوں ڈینگی ایکٹیویٹی سے سکول ایجوکیشن کی ویب سائٹ کام کرنا چھوڑ گئی تھی ۔ ویب سائٹ پر لوڈ بڑھنے پر سکول ایجوکیشن کی فوکل پرسنز کو ڈینگی ایکٹیوٹی کی تصاویر متعلقہ افسران کوبھیجنے کی ہدایت کردی گئی۔ فوکل پرسن ڈینگی ایکٹیویٹی سے متعلق تصاویر متعلقہ اے ای اوز یا ڈی ای اوز کو روزانہ کی بنیاد پر بھیجے گے۔ متعلقہ افسران ڈینگی مہم میں حصہ نہ لینے والے سکولوں کیخلاف کارروائی کریں گے۔