( ملک اشرف ) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد سمیت سپریم کورٹ کے گیارہ ججز لاہور پہنچ گئے، چیف جسٹس آف پاکستان سمیت گیارہ ججز آج اور کل 28 فروری کو لاہور رجسٹری میں سماعت کریں گے۔
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں آج اور کل 28 فروری کو پانچ مختلف بنچز مقدمات کی سماعت کریں گے۔ بنچ نمبر ایک میں چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ سماعت کرے گا۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں فل بنچ میں جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس سجاد علی شاہ شامل ہیں۔
ڈویژن بنچ نمبر دو میں جسٹس عمرعطا بندیال اور جسٹس فیصل عرب، ڈویژن بنچ نمبر تین میں جسٹس مقبول باقر اور جسٹس منیب اختر، ڈویژن بنچ نمبر چار میں جسٹس منظور احمد ملک اور جسٹس امین الدین خان جبکہ ڈویژن بنچ نمبر پانچ میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس قاضی محمد امین احمد شامل ہیں۔
لاہور رجسٹری میں فوجداری، سول کیسز سمیت مختلف نوعیت کے مقدمات کی سماعت کی جائے گی۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کے موقع پر پولیس کی اضافی نفری تعینات ہوگی۔
سماعت کے موقع پر جی پی او چوک سے اے جی آفس کی جانب جانے والی سڑک عام ٹریفک کے لئے بند رہے گی۔