نشتر پارک (حافظ شہباز علی) پی سی بی نے پی ایس ایل کے اگلے مرحلے کی تیاریاں مکمل کرلیں، ایچ بی ایل پی ایس ایل کے اگلے مرحلے کا آغاز آج سے ہوگا جس کے دوران پہلے میچ میں ملتان سٹیڈیم میں ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔
ملتان اور پنڈی کرکٹ اسٹیڈیمز پہلی مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے میچوں کی میزبانی کررہے ہیں، لیگ میں شامل کل 34 میں سے 11 میچز ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جانے ہیں، ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کل 3 جبکہ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کل 8 میچز کھیلے جائیں گے۔
پانچ ٹیسٹ اور سات ایک روزہ میچوں کی میزبانی کا اعزاز حاصل کرنے والے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلا انٹرنیشنل میچ اگست 2001 میں کھیلا گیا، پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے گئے اس ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم نے ایک اننگز اور264رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
10ٹیسٹ اور23 ایک روزہ میچوں کی میزبانی کا اعزاز حاصل کرنے والے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلا انٹرنیشنل میچ جنوری 1992میں کھیلا گیا،پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے اس ایک روزہ میچ میں میزبان ٹیم نے 117 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی، دونوں اسٹیڈیمز اب تک کسی انٹرنیشنل ٹی20 کرکٹ میچ کی میزبانی نہیں کرسکے مگر دونوں مقامات پر متعدد مرتبہ ڈومیسٹک ٹی 20 ٹورنامنٹس کھیلے جاچکے ہیں۔
ملتان اور پنڈی کرکٹ اسٹیڈیمز میں ڈومیسٹک میچز کھیلنے والے قومی کرکٹرز کو اب ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دوران دونوں شہروں میں شائقین کی ایک بڑی تعداد کے اسٹیڈیم کا رخ کرنے کی امید ہے۔ شاہد آفریدی اور شان مسعود ایونٹ میں ملتان سلطانز جبکہ فہیم اشرف اور آصف علی اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کر رہے ہیں۔