سٹی42: دو مہینے سے تنخواہوں سے محروم ایل ڈبلیو ایم سی ملازمین نے تنخواہ ملنے تک شہر سے کچرا اٹھانے سے صاف انکار کر دیا، ایل ڈبلیو ایم سی حکا م کی جانب سے تنخواہ کی ادائیگی کی یقین دہانی کے باوجود ملازمین ہڑتال ختم کرنے پر راضی نہ ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق ایل ڈبلیو ایم سی ملازمین دو ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر سراپا احتجاج ہیں، شہر میں کوڑے کے ڈھیر لگ چکے ہیں اور ورکرز نے تنخواہوں کی ادائیگی تک کوڑا نہ اٹھانے پر بضد ہیں۔ ایل ڈبلیو ایم سی ملازمین نے شاہین کیمپلکس کے سامنے احتجاج کیا، احتجاج کرتے ہوئے ملازمین نے شاہین کیمپلکس کے سامنے کوڑے کے ڈھیر لگا دیئے۔
ملازمین کے ساتھ ساتھ کوڑا اٹھانے والی گاڑیوں کا پہیہ بھی جام ہو چکا ہے، دوسری جانب ایل ڈبلیو ایم سی حکام کے مطابق تنخواہوں کی مد میں 6 کروڑ روپے جاری کر دیئے گئے ہیں اور ایک دو روز میں تمام ملازمین کو تنخواہیں مل جائیں گی۔ ایل ڈبلیو ایم سی حکام کی جانب سے دی گئی تسلی بھی ایل ڈبلیو ایم سی ملازمین کو رام نہ کر سکی اور انہوں نے تنخواہوں کی اکاونٹ میں منتقلی تک کوڑا اٹھانے سے صاف انکار کر دیا ہے۔
دو مہینے سے تنخواہوں سے محروم احتجاج کرتے ملازمین سے کوئی بھی حکومتی اہلکار یا افسر مذاکرات کے لئے نہ پہنچا، جبکہ شہر میں صفائی کی بگڑتی صورت حال پر حکومت کا شہر کو صفائی کے حوالےسے حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دینا لمحہ فکریہ ہے۔