(سٹی 42) گجومتہ کے قریب میٹروبسوں میں تصادم کی ابتدائی رپورٹ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو پیش کردی گئی، جس میں حادثے کا ذمہ دار بس ڈرائیور کو ٹھہرایا گیا۔
وزیر اعلی پنجاب کو پیش کی گئی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ کل صبح 9:50 پر 2 میٹرو بسوں کے درمیان تصادم ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق اور 16 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے، دونوں میٹرو بسیں مخالف سمتوں سے آ رہی تھیں، حادثہ یوحنا آباد اور دلو خورد میٹرو سٹیشن کے درمیان پیش آیا۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ شاہدرہ سے گجومتہ آنے والی بس ایم 60 کا اپنی لین سے ہٹ کر چلنا حادثے کا سبب بنا، بس ڈرائیور کی غلطی سے افسوسناک حادثہ پیش آیا تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حادثے کا مقدمہ نشتر کالونی تھانے میں درج کر لیا گیا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے حادثے کی تحقیقات کیلئے 6 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے جس کے سربراہ سیکرٹری پنجاب پراونشل ٹرانسپورٹ کمیٹی ہوں گے، تحقیقاتی کمیٹی 3 دن میں حادثے کی انکوائری کرکے رپورٹ دے گی۔