(سٹی 42) تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی میں بھارت کی بزدلانہ کارروائی کیخلاف مذمتی قرارداد جمع کرادی۔
پنجاب اسمبلی میں بھارتی جارحیت کیخلاف مذمتی قرارداد تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ مودی سرکار الیکشن مہم میں پاکستان کے خلاف ایڈوانچر کررہی ہے، جس کی وجہ سے بھارت نے بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کی حدود میں داخل ہوکر بزدلانہ حملہ کیا اور بالا کوٹ میں ایک ہزار کلو بارود گرایا لیکن پاکستان کی باصلاحیت ائیر فورس نے بروقت اس جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جس کے نتیجے میں دشمن جان چھڑا کر واپس بھاگ گیا۔
قرارداد میں کہا گیا ہےکہ پاکستان پر امن ملک ہے لیکن پاکستان کی عظیم فوج پاکستان کے چپے چپے کی حفاظت کیلئے ہر وقت تیار ہے۔صوبائی اسمبلی کا یہ ایوان کامیابی سے پاکستان کا دفاع کرنےپر پاکستان کی تمام مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتا ہے اور بھارت کی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر بھرپور احتجاج اور مذمت کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ شب بھارتی طیاروں نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی تھی تاہم پاکستانی شاہینوں کی پروازبلند ہوتے ہی بھارتی طیاروں نے حسبِ روایت بھاگنے میں ہی عافیت سمجھی۔