(زین مدنی ) لاہور آرٹس کونسل اور محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب کے زیراہتمام الحمرا آرٹ سینٹر میں صوفی رنگ میوزیکل نائٹ کا اہتمام کیا گیا، گلوکارہ فرحانہ مقصود اور شیرمیاں داد کی پرفارمنس نے خوب سماں باندھا۔
صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب فیاض الحسن چوہان صوفی رنگ نائٹ کے مہمان خصوصی تھے جن کا کہنا تھا کہ وہ پنجاب کی ثقافت کو پروموٹ کریں گے اور ایسے پروگرامز کا انعقاد کرواتے رہیں گے۔
صوفی رنگ نائٹ کا آغاز صوفی رقص سے ہوا اور شائقین کی کثیر تعداد صوفی نائٹ میں شریک ہوئی۔ گلوکارہ فرحانہ مقصود نے بھی صوفی نائٹ میں اپنی آواز کا جادو جگایا، قوال شیرمیاں داد نے مقبول قوالیاں پرفارم کرکے حاضرین کو جھومنے پر مجبورکردیا۔
وزارت اطلاعات و ثقافت کے زیراہتمام ہونے والے ایسے پروگرامز سے جہاں شائقین تفریح سمیٹیں وہیں فنکاروں کو اپنی پرفارمنس دکھانے کے مواقع بھی ملیں گے۔