ملک اشرف:لاہور ہائیکورٹ میں لیسکو چیف اورچیئرمین بورڈآف ڈائریکٹرزکیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کل 26 فروری کو ہوگی۔عدالت نےچیئرمین آف ڈائریکٹرز شہریاراور لیسکو چیف مجاہدپرویز چٹھہ کو پیش ہونےکا حکم دے رکھا ہے۔
جسٹس فیصل زمان خان لیسکو اہلکار ظفر اقبال کی درخواست پر سماعت کریں گے۔ گزشتہ سماعت پر لیسکو چیف مجاہد پرویز چٹھہ پیش ہوئے تھے۔ جبکہ عدالتی حکم کے برعکس چیئرمین بورڈ شہریار عدالت میں حاضر نہیں ہوئے تھے۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عدالتی حکم کے باوجود اس کی گریڈ سولہ سے گریڈ سترہ میں ترقی نہیں کی جارہی ۔ درخواست گزار نے استدعا کی حکم عدولی پر چئیرمین بورڈ شہریار اور لیسکو چیف مجاہد پرویز کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے ۔
چیف لاء آفیسر لیسکو ساجد محمود بٹ نے عدالت کو بتایا کہ اس وقت محکمہ میں گریڈ سترہ کی کوئی آسامی خالی نہیں ہے۔ لیسکو چیف کی جانب سے درخواست گزار کی محکمانہ ترقی کے لئے معاملہ چیئرمین بورڈ کو بھجوایا گیا ہے۔عدالت نے کیس کی سماعت چھبیس فروری تک ملتوی کرتے ہوئے چئیرمین بورڈ شہریار اور چیف مجاہد پرویز چٹھہ کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔