پاکستان ریلوے کی بہتری کیلئے ملک گیر مہم چلانے کا فیصلہ

پاکستان ریلوے کی بہتری کیلئے ملک گیر مہم چلانے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( سعید احمد سعید ) وزیر ریلوے اعظم خان سواتی کا پاکستان ریلوے کی ساکھ کی بحالی کیلئے نیا قدم، سال 2021 کو ریلوے میں سیفٹی، صفائی اور خوش اخلاقی کے سال کے طور پر منانے کا فیصلہ، یکم جنوری سے نئے سلوگن کے ساتھ ملک گیر مہم شروع کی جائے گی۔

وزیر ریلوے اعظم سواتی نے اس سلسلہ میں چیئرمین ریلوے کو مراسلہ بھجوا دیا ہے۔ مراسلے کے متن کے مطابق چار چیزوں کی بہتری کیلئے ریلوے میں خصوصی مہم شروع کی جائے، عملدرآمد کیلئے ڈی ایس اور فیلڈ افسران کو سختی سے ہدایت کی جائے۔

بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ڈویژنز اور افسران کو مراعات جبکہ ناقص کارکردگی پرجرمانےاور اظہار ناراضگی کیا جائے گا۔ کارکردگی کے تعین کیلئے ایک غیر جانبدار کمیٹی بنائی جائے گی جو جیتنے والوں کا اعلان کرے گی۔

دوسری جانب ریلوے انتظامیہ ٹرینوں کا شیڈول بحال کرنے میں ناکام ہوکر رہ گئی ہے۔ ریلوے انکوائری کے مطابق کراچی سے آنے والی خیبر میل ایکسپریس 2 گھنٹے 30 منٹ، گرین لائن ایکسپریس 1 گھنٹہ 15 منٹ، تیز گام ایکسپریس 1 گھنٹہ 10 منٹ،علامہ اقبال ایکسپریس 1 گھنٹہ 30 منٹ، عوام ایکسپریس 2 گھنٹے، کراچی ایکسپریس 3 گھنٹے 10 منٹ، ملت ایکسپریس اور فرید ایکسپریس ایک ایک گھنٹہ لیٹ ہوئیں۔

اسی طرح پاک بزنس ایکسپریس 1 گھنٹہ 50 منٹ، جعفر ایکسپریس 2 گھنٹے 20 منٹ ، قراقرم ایکسپریس 2 گھنٹے 10 منٹ اور شاہ حسین ایکسپریس 3 گھنٹے 10 منٹ لیٹ ہوئیں۔ لاہور سے کراچی  روانہ ہونے والی ٹرینیں قراقرم ایکسپریس شام 3 بجے کی بجائے شام 3 بجکر 30 منٹ، پاک بزنس ایکسپریس شام 4 بجے کی بجائے شام 5 بجے، کراچی ایکسپریس شام 5 بجے کی بجائے 5 بجکر 30 منٹ، شاہ حسین ایکسپریس رات 7 بجکر 30 منٹ کی بجائے رات 9 بجکر 30 منٹ پر روانہ ہوئیں۔ ٹرینیں لیٹ ہونے سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔