( عمر اسلم ) ایم ڈی کیٹ طلبا کے احتجاج کا معاملہ ، مسلم لیگ (ن) کی ایم پی اے حنا پرویزبٹ کی جانب سے ایف آئی اے کی تحقیقات کو منظر عام پر لانے اور طلبا کی موجودگی میں ری چیک کے مطالبہ کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی۔
مسلم لیگ (ن) کی ایم پی اے حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کروائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے طلبا کے مسائل اور مطالبات کو سنجیدہ نہیں لیا جا رہا جبکہ ایم ڈی کیٹ میں چند من پسند طلبا کو ایکسٹرا نمبر جاری کئے گئے۔
حنا بٹ نے قرارداد میں مطالبہ کیا کہ پرچے آفیشل جوابات کیساتھ ویب سائٹ پر اَپ لوڈ کیے جائیں اور تمام مبہم سوالوں کو پرچے سے خارج کیا جائے۔
یاد رہے میڈیکل کالجز میں داخلے کیلئے ایم ڈی کیٹ امتحان کے نتائج کا اعلان کیا گیا تھا۔ پاکستان میڈیکل کمیشن کے ایم ڈی کیٹ کے نتائج میں غلطیاں سامنے آئی تھیں، جس میں امیدواروں کے نام اور رولنمبرغلط درج کردیئے گئے۔ پی ایم سی کی طرف سے جاری نتائج میں غلطیوں پر پی ایم اے نے شدید تنقید کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے ایم ڈی کیٹ کے امتحان میں بدانتظامی پر نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔