( عمر اسلم ) ایف آئی اے کا مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹریٹ 180 ایچ ماڈل ٹاؤن پر چھاپہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اعجاز شیخ کی سربراہی میں 4 رکنی ٹیم نے مریم نواز کی پریس کانفرنس کا ریکارڈ قبضے میں لینے کیلئے چھاپہ مارا، لیگی رہنما عطااللہ تارڑ کہتے ہیں ایف آئی اے کے نوٹس کا جواب 16 اگست کوجمع کروا دیا تھا، انتقامی کارروائیوں کی انتہا ہوگئی ہے۔
ایف آئی اے کی ٹیم نے مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن 180 ایچ میں چھاپہ مارا، ایف آئی اے ٹیم چند ماہ قبل نائب صدرمسلم لیگ (ن) مریم نواز کی پریس کانفرنس کا ریکارڈ قبضے میں لے کر روانہ ہوگئی جبکہ رہنما ن لیگ عطااللہ تارڑ اور جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن لاہور خواجہ عمران نذیر سیکرٹریٹ پہنچے۔ عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کی حکومت انتقامی کارروائیاں کررہی ہے۔
جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن لاہور خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے اپوزیشن کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائیاں کررہی ہے۔
مسلم لیگ (ن) سیکرٹریٹ پر ایف آئی اے کے چھاپے کے بعد لیگی رہنما رانا مبشر اقبال، سید توصیف شاہ، میاں عمران جاوید، صغیر اعوان، بی بی وڈیری، سمیرہ امجد، فرزانہ بٹ، زری خان، شہزادخان اور تنویرچودھری سمیت دیگر لیگی رہنما حکومت کےخلاف نعرےبازی کرتے رہے۔