ویب ڈیسک : ٹوئٹر کی جانب سے ایلون مسک کے خلاف دائر مقدمے کی سماعت کرنے والی جج نے ٹیسلا کے بانی کی جانب سے مکمل ڈیٹا تک رسائی کی درخواست کو مسترد کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مگر جج نے ٹوئٹر کے ڈیٹا کے کچھ حصے تک ایلون مسک کو رسائی دینے پر اتفاق کیا ہے اور سوشل میڈیا نیٹ ورک کو وہ ڈیٹا دنیا کے امیر ترین شخص کو فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔جج کی جانب سے ٹوئٹر کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ ایسے 9 ہزار سے زیادہ اکاؤنٹس کا ڈیٹا ایلون مسک کے حوالے کرے جن کی جانچ پڑتال 2021 کی چوتھی سہ ماہی کے دوران سوشل میڈیا نیٹ ورک نے کی تھی تاکہ پلیٹ فارم میں اسپام اکاؤنٹس کی تعداد کا تعین کرسکے۔
ٹوئٹر کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا تھا کہ 2021 کی چوتھی سہ ماہی کے دوران جو جانچ پڑتال کی گئی تھی اس کا ڈیٹا اب موجود نہیں اور اسے دوبارہ تیار کرنے میں 2 ہفتے لگ سکتے ہیں۔
ایلون مسک کے وکیل نے ایک بیان میں کہا کہ ہم ٹوئٹر کی جانب سے کئی ماہ سے چھپائے گئے ڈیٹا کا تجزیہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔