سٹی 42 :پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو وارننگ دے دی،کہتے ہیں کہ نواز شریف واپس نہ آئے تو شہباز شریف نااہل ہونے کی تیاری کر لیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آل شریف اور آل زرداری کس انداز سے منی لانڈرنگ کرتے رہے اور لوٹ مار کو بچانے کے لیے اینٹی منی لانڈرنگ بل منظور نہیں ہونے دیا۔حزب اختلاف نے ذاتی مفادات کے لیے سینیٹ میں قانون سازی کی مخالفت کی اور ان جماعتوں نے پاکستان کے مستقبل کو مقدم نہیں رکھا۔پاکستان منی لانڈرنگ کی وجہ سے گرے لسٹ میں آیا اور نائن الیون کے بعد منی لانڈرنگ ایک جرم ہے جبکہ وزیر اعظم عمران خان پیدائشی کپتان ہیں۔ نواز شریف کی واپسی پر شہباز شریف نے ڈبلیو ٹرن لیا۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پریس کانفرنس میں شہباز شریف نے سفید جھوٹ کی انتہا کر دی، حزب اختلاف کی لگائی ہوئی گانٹھیں ہم دانتوں سے کھول رہے ہیں۔ اگر نواز شریف واپس نہ آئے تو شہباز شریف نا اہل ہونے کی تیاری کر لیں۔
وزیر اطلاعات نے نواز شریف کی ضمانت سے متعلق شہباز شریف کی عدالت میں جمع کرائی گئی تحریر سامنے لاتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے نواز شریف کی وطن واپسی کی ضمانت دی تھی جبکہ حکومت کا مطالبہ تھا کہ 7 ارب 20 کروڑ روپے کا اقرار نامہ لیا جائے۔
یاد رہے پریس کانفرنس میں ایک صحافی کے سوال کہ آپ نے نوازشریف کو واپس لانے کی گارنٹی دی تھی پر شہباز شریف نے کہا تھا کہ نوازشریف کے باہر جانے کا سارا معاملہ عدالت کے سامنے طے ہوا،سب ریکارڈ کا حصہ ہے،سب دیکھ لیں کیا ضمانت دی گئی ۔ نواز شریف جب ٹھیک ہوجائیں گے وہ اپنی مرضی سے ملک واپس لوٹ آئیں گے۔