(سعودبٹ)آج رات سے مغربی ہوائیں ملک میں داخل ہونگی جو مئی کے پہلے ہفتے تک برقرار رہ سکتی ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے تفصیلات جاری کردیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 26 سے 29 اپریل کے دوران لاہور ، اسلام آباد، مری، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے تفصیلات کے مطابق اپریل سے 3 مئی تک ملتان، ڈی جی خان، بہاولنگر اور ساہیوال میں گرج چمک کے ساتھ بارش ، چند مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
موسلادھار بارشوں سے ڈی جی خان کے پہاڑی علاقوں کے مقامی ندی نالوں میں 28 اپریل سے 2 مئی تک طغیانی کا خطرہ ہے۔پی ڈی ایم اے کت مطابق تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے باعث کھڑی فصلوں کو نقصان کا خطرہ ہے۔کسان حضرات موسمیاتی پیشگوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے معاملات ترتیب دیں۔اسی دوران مری کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔بارشوں کے دوران دن کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔سیاح اور مسافر حضرات بارش کے موسم میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔شہری ہنگامی صورتحال میں مدد کے لیے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔