(ویب ڈیسک) فواد چودھری نے آرمی چیف کی تعیناتی پر وزیراعظم شہباز شریف کے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔ کہا کہ موجودہ حکومت کو ایسی مستقل تعیناتیوں کا کوئی حق حاصل نہیں۔
سابق وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہناتھا کہ آئین منتخب وزیر اعظم کو آرمی چیف اور دیگر تعیناتیوں کا حق دیتاہے،حکومت اگر ایسی تعیناتیوں کے خواب دیکھے گی تو ملک اور ادارے انار کی کا شکار ہو جائیں گے،اس حکومت کی حیثیت صرف عارضی ہے مستقل تعیناتیاں منتخب حکومت کرےگی، موجودہ حکومت کو ایسی مستقل تعیناتیوں کا کوئی حق حاصل نہیں۔
قبل ازیں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہناتھا کہ آرمی چیف کی تعیناتی وزیراعظم کا آئینی حق ہے جوکہ وقت آنے پر ہونی چا ہئے، ا فواج پاکستان کےخلاف پروپیگنڈا سازش ہے۔اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
شہباز شریف کا کہناتھا کہ گزشتہ حکومت نے الزام تراشی سے دوست ملکوں کو ناراض کیا، سعودی عرب جا رہا ہوں ،سعودی قیادت سے ملاقات ہو گی۔ایک سوال کے جواب میں انہو ں نے کہا امریکا کے ساتھ بد اعتما دی ختم اور تعلقات بہتر کر نا چاہتے ہیں ،دشمنی کسی کے مفاد میں نہیں ۔پرامن افغانستان ترقی یافتہ پاکستان کی ضمانت ہے ۔
شہباز شریف نے کہا معیشت مضبوط نہ ہو تو آزادانہ خارجہ پالیسی بنانا ممکن نہیں ہو تا۔سابق حکومت نے معیشت کی تباہی پھیر دی۔گزشتہ حکومت کی جانب سے ایندھن نہ منگوائے جانے کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ ہوئی۔، گزشتہ حکومت کا مارچ میں نام نہاد ریلیف دھوکہ تھا۔
مزید کہا کہ سکیورٹی کونسل واضح کرچکی ہے کہ کوئی سازش نہیں ہوئی، دھمکیاں تو بھارت ہمیں روز دیتا ہے ، ہم بھی دیتے ہیں۔پاکستان اس وقت مشکل ترین موڑ پر کھڑا ہے ، ہمیں رونے دھونے کے بجائے آگے بڑھنا ہوگا،ہم انتقام پر یقین نہیں رکھتے لیکن سڑکوں پر خونریزی اور افراتفری کی اجازت نہیں دینگے، قانون ہاتھ میں لینے والوں کےخلاف قانون اپنا رستہ خود بنائے گا۔