(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح کا کروڑوں روپے کی قیمتی اراضی خریدنےکا انکشاف ہوا ہے۔
دستاویزات کے مطابق فرح گوگی نے کروڑوں روپے کی قیمتی اراضی پنجاب میں خریدی، فرح گوگی نے 200 کنال سے زائد اراضی محض 50 کروڑ روپےمیں خریدی, زمین نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالک نے فرحت شہزادی عرف فرح گوگی کے نام منتقل کی۔
دستاویزات کے مطابق قیمتی زمین دو مختلف مواقع پراگست 2020 اور مارچ 2021 میں فرح کے نام منتقل ہوئی، پہلے اگست 2020 میں 100 کنال ایک مرلہ زمین منتقل کی گئی جس کی قیمت 25 کروڑ 1 لاکھ 25 ہزار لکھی گئی۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ مارچ 2021 میں 100 کنال 5 مرلے زمین ایک بار پھر فرح کے نام منتقل کی گئی، دوسری بار منتقل شدہ زمین کی کاغذات میں قیمت 25 کروڑ 6لاکھ 25 ہزار درج ہے۔
رئیل اسٹیٹ ماہرین کے مطابق زمین دراصل ایک ارب روپے سے زائد مالیت کی ہے۔
خیال رہے کہ بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان عمران خان کی حکومت ختم ہونے سے چند روز قبل دبئی جاچکی ہیں، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے فرح خان پر ٹرانسفر، پوسٹنگ اور دیگر معاملات میں پیسے لینے کا الزام لگایا ہے۔